کورونا وائرس: جموں میں سینما گھر اور کشمیر میں آنگن واڑی سینٹر بند

0
118

جموں، 11 مارچ (یو این آئی) جموں کشمیر کی سرمائی دار الحکومت جموں میں ایک مریض کا کورونا وائرس ٹیسٹ مثبت آنے کے پیش نظر انتظامیہ نے خطے میں تمام سینما گھر بند رکھنے کے احکامات صادر کئے ہیں جبکہ کشمیر میں تمام آنگن واڑی سینٹر تاحکم ثانی بند رکھنے کا حکمنامہ جاری ہوا ہے ۔

ضلع مجسٹریٹ جموں سشما چوہان کی طرف سے جاری حکمنامے میں کہا گیا کہ کورونا وائرس کے خطرات کے پیش نظر جموں میں تمام سینما گھر 31 مارچ تک بند رہیں گے ۔ادھر صوبائی کمیشنر کشمیر بصیر احمد خان کی طرف سے جاری ایک حکمنامے کے مطابق وادی کشمیر میں تمام آنگن واڑی سینٹر تاحکم ثانی بند رہیں گے ۔یہ حکمنامہ جموں و کشمیر انتظامیہ کی طرف سے کورونا وائرس کے خطرے سے بچوں کو محفوظ رکھنے کے لئے کی جارہی کاوشوں کا ایک حصہ ہے ۔قبل ازیں انتطامیہ نے وادی کے چار اضلاع اور جموں کے دو اضلاع میں تمام سرکاری وغیر سرکاری پرائمری اسکولوں کو 31 مارچ تک بند کرنے کے احکامات صادر کئے ہیں علاوہ ازیں جموں کشمیر میں بائیو میٹرک حاضری نظام بھی فی الوقت معطل کیا گیا ہے ۔جموں وکشمیر میں اب تک کورونا وائرس کے مشتبہ مریضوں کی تفصیلات دیتے ہوئے ڈائریکٹر این ایم ایچ جموں کشمیر بھو پندر کمار نے منگل کے روز ایک پریس کا نفرنس کے دوران کہا کہ اس وائرس سے متاثرہ ممالک سے واپس آئے 705 مسافروں کی جانچ کی جاچکی ہے جن میں سے 491 کو اپنے گھروں میں اور 9 کو ہسپتال میں تنہائی میں رکھا گیا ہے ۔ ان میں سے 150 افراد نے 28 دن کی نگرانی کی مدت مکمل کی ہے ۔ اس کے علاوہ 56 مشتبہ معاملات کے نمونے اب تک جانچ کے لئے بھیجے گئے ہیں جن میں 26 نمونوں کی رپورٹ ٹھیک ہے ۔ اس دوران اُس شخص جس نے سخت بخار کی شکایت کی تھی، اس کے نمونوں کو جانچ کے لئے این سی ڈی سی نئی دلی بھیجا گیا ہے ۔دریں اثنا انتظامیہ نے لوگوں سے اپیل کی ہے کہ وہ کورونا وائرس سے گھبرانے کے بجائے احتیاط کریں اور انتظامیہ کے ساتھ وقت ضرورت تعاون کریں۔

Also read

LEAVE A REPLY

Please enter your comment!
Please enter your name here