Friday, May 3, 2024
spot_img
HomeMuslim World*ایک مضمون ہم سب کے لیے*

*ایک مضمون ہم سب کے لیے*

[email protected]

9807694588

اپنے مضمون كی اشاعت كے لئے مندرجه بالا ای میل اور واٹس ایپ نمبر پر تحریر ارسال كر سكتے هیں۔

 

   سید محمد سلمان فلاحی
موجودہ دور میں اکثر لوگ شخصیتی بحران(Identity crises) کے شکار ہیں جس کی وجہ سے وہ محفلوں میں بھی تنہائی محسوس کرتے ہیں اور اپنے اندر حوصلے اور اعتماد کی کمی پاتے ہیں اس کی ایک وجہ حوصلہ افزائی کی کمی ہے
     آج ہم میں سے اکثر لوگ آپس میں طنز تو بہت کرتے ہیں  لیکن حوصلہ افزائی بہت کم اسی طرح چاپلوسی اور بے جا تعریف تو بہت کرتے ہیں لیکن صحیح رہنمائی بہت کم
     حوصلہ افزائی اور دوسروں کے تئیں ہمدردی کے تعلق سے کس قدر بخیل ثابت ہو رہے ہیں ہم لوگ کہ دوسروں کی ہمت بڑھانے اور ان کی صحیح رہنمائی کرنے کے لئے ہمارے پاس الفاظ ہی نہیں، وقت ہی نہیں، اور سب سے بڑی چیز جذبہ ہی نہیں حالانکہ ہم سب ایک دوسرے سے جڑے ہوئے ہیں اور ہم سب کو اکثر یہ احساس ہوتا ہے کہ ہمیں کوئی سراہے، ہمارے حوصلے کو بڑھائے، ہمارے جذبے کو ہماری ہمت کو Boost up کرے اسے انرجی دے اسے صحیح سمت دے لیکن ہم یہ بھول جاتے ہیں کہ اگر ہم اس پار کھڑے ہیں تو ہم ہی اُس پار بھی ہیں ہمیں اگر کسی کے حوصلوں کی ضرورت ہے تو کسی کو ہمارے حوصلوں کی بھی ضرورت ہے ہمیں اس مثبت سوچ کو بیدار کرنا ہوگا پروان چڑھانا ہوگا کہ ہم لوگوں کی حوصلہ افزائی کریں
 اقبال کے اس مصرعہ کی  معنویت کو بھی ہمیں سمجھنا ہوگا
 *جذب باہم جو نہیں محفل انجم بھی نہیں…………*
ہمارے دلوں میں ایک دوسرے کے لیے ہمدردی، محبت، خلوص، اور سب سے بڑی چیز ایک دوسرے کو حوصلہ دینے کا جذبہ ہونا چاہیے
ہم ایک دوسرے سے جڑے ہوئے ہیں یہ جوڑ اور یہ اتحاد دلی وابستگی پر ہونا چاہئے کیونکہ اگر ہم ایک دوسرے سے جڑے ہوئے نہ ہوں ایک دوسرے کے تعلق سے ہمدرد نہ ہوں تو ہماری انفرادی حیثیت کچھ بھی نہیں ہے
*جس سے دل دریا متلاطم نہیں ہوتا…………… اے قطرہ نیساں وہ صدف کیا وہ گہر کیا*
اگر ہم بہت ذہین، قابل،اور ہوشیار ہوں لیکن ایک دوسرے کو مہمیز دینے والے نہ ہوں،ایک دوسرے کے خیر خواہ نہ ہوں بلکہ تنہا بگوش اور خود میں مگن ہوں تو ایسی صورت میں ہماری حیثیت بارش کی ایک بوند سے زیادہ کی نہیں رہ جائے گی.
ہمیں چاہیے کہ ہم دوسروں کے لیے نفع بخش بنیں انکی صحیح رہنمائی اور حوصلہ افزائی کرنے والے بنیں ہمدرد بنیں مخلص بنیں خیرخواہ بنیں
   آج لوگوں نے یہ کام چھوڑ دیا ہے لوگ ایک دوسرے کی ٹانگیں پکڑ کے کھینچنے کو بہتر سمجھتے ہیں دوسرے کو طنز کرنے اور اس کا مذاق اڑانے کو ہی قابلیت سمجھتے ہیں.
اس سوچ کو اس فکر کو بدلنے کی ضرورت ہے اور لوگوں کو یہ دیکھانے کی ضرورت ہے کہ ایک دوسرے کی حوصلہ افزائی کرنے اور ایک دوسرے کے تئیں ہمدردی کا جذبہ رکھنے سے کیسے مثبت اور اچھے نتائج سامنے آتے ہیں
اور یہ کہنے والے نے بھی کیا خوب کہا ہے
Be an encourager, the world has plenty of critics already.
یہ تو ہے ہماری شخصیت کا ایک پہلو کہ ہم دوسروں کے ساتھ کیسا برتاؤ کریں
     دوسری بات جو بہت اہم ہے وہ یہ کہ ہمیں انفرادی طور پر اپنے آپ کو اتنا مضبوط کرنا چاہیے کہ ہمیں دوسروں کی حوصلہ افزائی کی ضرورت ہی نہ پڑے ہم اپنی رفتار، اپنی سمت خود ہی متعین کریں
   *اپنے من میں ڈوب کے پا جا سراغ زندگی……* کے مصداق بنیں……. علامہ اقبال نے نے زندگی کے راز کو اپنی ذات میں تلاشنے کے لیے کہا… کیوں کہ جو اپنے آپ کو سمجھ لے اس کے لیے زندگی کا راز راز نہیں رہتا اور جو زندگی کے راز سے واقف ہو جائے وہ اپنی رفتار کے لیے کسی کے حوصلے کا محتاج نہیں ہوتا…… تاہم اس راز سے آگاہی کے لیے آئینہ سازی بہت ضروری ہے اور اقبال نے کہا ہے
*نہیں ہے وابستہ زیرگردوں کمال شان سکندری سے…………تمام ساماں ہیں تیرے سینے میں تو بھی آئینہ ساز ہو جا*
یہ آئینہ سازی ہی اپنے آپ کو پہچاننا اور سمجھنا ہے……… وگرنہ تمام ساماں تو…….
اقبال کے اس شعر کی گہرائی کو بھی سمجھیں
*پھرا کرتے نہیں مجروح الفت فکر درماں میں………. یہ زخمی آپ کر لیتے ہیں پیدا اپنے مرہم کو*
ہمارے اندر وہ جذبہ ہونا چاہیے جو کسی باہری حوصلے کا محتاج نہ ہو ہم اپنے زخم خود ہی بھریں اور اپنی انرجی خود ہی بنیں اور اس فلسفے کو بھی سمجھیں کہ انسان زمین پر گرتا ہے تو زمین کا ہی سہارا لے کر اٹھتا ہے
     مختصر یہ کہ ہماری انفرادی اور اجتماعی زندگی اگر ان دونوں پہلوؤں کو سمیٹ لے کہ ہم انفرادی طور پر اپنی فکر اور اپنے مقصد میں کسی دوسرے کی حوصلہ افزائی کے محتاج نہ ہوں اور اجتماعی طور پر ہم اپنے اوپر اس ذمیداری کو عائد کرلیں کہ ہم اپنے متعلقین اور احباب کی صحیح رہنمائی کریں گے اور ضرور کریں گے تو ہم ایسے زندہ اور متحرک سماج کی تشکیل کر سکتے جو سسکتی اور کراہتی انسانیت کے درد کا مداوا بن سکے…
    ریسرچ اسکالر،  دہلی یونیورسٹی
RELATED ARTICLES

LEAVE A REPLY

Please enter your comment!
Please enter your name here

- Advertisment -spot_img
- Advertisment -spot_img
- Advertisment -spot_img
- Advertisment -spot_img

Most Popular