واشنگٹن ، 12 مارچ : ریاستہائے متحدہ امریکہ کے اوکلاہوما میں جان لیوا عالمی وباکورونا وائرس (کووڈ-19) کے سبب عائد پابندیاں ختم کردی گئی ہیں اور معمولات زندگی بحال ہوگئے ہیں۔
یہ اطلاع گورنر کیون اسٹٹ نے جمعرات کو ایک پریس کانفرنس میں دی۔ انہوں نے کہا ’’میں کل ایک نیا ایگزیکٹیو آرڈر جاری کروں گا۔ اوکلاہوما میں ریاست گیر پابندی نہیں ہوگی۔ میں سرکاری عمارتوں میں ماسک پہننے کی لازمی ضرورت کو بھی ختم کر رہا ہوں‘‘۔
انہوں نے کہا کہ اوکلاہوما کے رہائشیوں کو کورونا وائرس سے بچاؤ کے ویکسین دیئے جائیں گے اور ماسک پہننا حالات کے لحاظ سے ذاتی فیصلہ ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ ریاست کی 40 لاکھ آبادی میں سے 4 لاکھ افراد کو ویکسین دیئے جاچکے ہیں۔
ریاستہائے متحدہ امریکہ میں جان ہاپکنز یونیورسٹی کے اعداد و شمار کے مطابق اوکلاہوما میں اب تک کووڈ ۔19 کے 4.30 لاکھ سے زائد کیسز رپورٹ ہوئے ہیں اور اس موذی وبا سے 4،700 افراد اپنی جانوں سے ہاتھ دھو بیٹھے ہیں۔