نیویارک: ایک گلابی مائل کاغذ پر سادہ خاکہ نیلامی کےلیے پیش کیا جارہا ہے جو شاید 16 ملین ڈالر یا اس سے زائد رقم میں فروخت ہوسکتا ہے۔ انتہائی قیمتی ہونے کی وجہ یہ ہے کہ اسے عظیم مصور لیونارڈو ڈاونسی نے بنایا ہے۔
اسے کرسٹیس نامی نیلام گھر میں پیش کیا جائے گا اور یہ ڈاونسی کے ان آٹھ شاہکار میں سے ایک ہے جو اب بھی ذاتی ملکیت میں موجود ہیں۔ گلابی مائل پیلے کاغذ پر اسے سِلور پوائنٹ طریقے سے بنایا گیا ہے۔ یہ طریقہ لیونارڈو ڈاونسی نے اپنے استاد اینڈریا ڈیل ویروشیو سے سیکھا تھا۔ اس میں کیمیائی عمل سے گزارے گئے کاغذ پر چاندی کے تار اور سلاخیں بھی گزاری جاتی ہیں۔ توقع ہے کہ یہ ایک کروڑ ساٹھ لاکھ ڈالر میں فروخت ہوسکے گی۔
دلچسپ بات ہے کہ 1860 میں یہ شاہکار ڈھائی پونڈ میں فروخت ہوا تھا اور اس کے بعد کئی ہاتھوں میں جاتا رہا۔ اس پینٹنگ کا نام ’ریچھ کا سر‘ ہے ار اس سے قبل دنیا کی مشہور آرٹ گیلریوں میں رکھا گیا تھا۔۔ یہ شاہکار کئی قدردانوں کے پاس رہا ہے جن میں کئی لوگ خود بہت بڑے مصور گزرے ہیں۔
لیونارڈو ڈاونسی کے دستخط والی اس تصویر کو پہلے ہانگ کانگ اور پھر لندن میں نمائش کے لیے رکھا جائے گا۔ اس کے بعد جولائی میں نیلامی کے لیے رکھا جائے گا۔