اترپردیش میں چوبیس گھنٹے میں ہوئے ۱۴ قتل

0
348

اترپردیش میں گذشتہ ۲۴گھنٹے کے اندر قتل کی ۱۴ واردات سامنے آئی ہیں۔پریاگ راج میں تو ایک ہی کنبہ کے ۵ لوگوں کو موت کے گھاٹ اتارا گیا ہے۔

بارہ بنکی اور للت پور میں دہرے قتل ہوئے ہیں۔ جبکہ کاس گنج مین پوری ،آگرہ ، غازی پور اور ہردوئی میں ایک ایک لوگوں کا بے رحمی سے قتل ہواہے۔ پریاگ راج میں سرائوں تھانہ علاقہ کے یوسف پور سویت موضع میں سنیچر کی دیر رات ایک ہی کنبہ کے پانچ لوگوں کو قتل کر دیاگیاہے۔ جس میں بچے بھی شامل ہیں۔

بارہ بنکی تحصیل کے سامنے مندر کے برآمدہ میں مریضوں کو دوا دے رہے ویدھ اور ان کے معاون کو دو بدمعاشوں نے گولیوں سے بھون ڈالا۔ اس کے بعد بدمعاش اسلحہ لہراتے ہوئے کار سے فرار ہوگئے۔ بتایا جا رہاہے کہ ویدھ سوہن لال اتوار کی دوپہر رام سنہی گھاٹ تحصیل کے سامنے بنے رام مندر کے برآمد میں بیٹھ کر مریضوں کو دوا دے رہے تھے۔

ان کا معاون رام منوہر شرما بھی ساتھ میں تھا۔ دن میں ایک بجے دو بدمعاش وہاں پہنچے اور انہوںنے ویدھ سوہن لال کو نشانہ بناتے ہوئے اسلحوں سے اندھا دھند فائرنگ شروع کر دی۔

مین پوری میں محکمہ صحت میں تعینات درجہ چہارم ملازم کا گلا دبا کر قتل کر دیاگیا۔ ملازم کی لاش گائوں کے باہر لہسن کے کھیت میں پڑی ملی۔ جس کی شناخت بساون پور کے رہنے والے ۴۸ سالہ سریندر دیواکر کے طور پر ہوئی ہے۔ للت پور کی کوتوالی صدر کے تحت اسٹیشن روڈ واقع گھر میں بھائی اور بھاوج کو چچیرے بھائی نے گولی سے اڑا دیا۔ بنیادی طور سے تھانا جاکھلون کے تحت موضع ایرا کے رہنے والے رام آسرے اور ان کی بیوی سنیتا اسٹیشن روڈ پر رہتے تھے۔ اتوار کی صبح چچیرے بھائی بھرت پٹیل سے بات چیت کے دوران دونوں میں تنازعہ ہونے لگا۔

اس دوران بھرت نے اپنے بھائی پر کٹا سے فائرکر دیا۔ بیوی نے مخالفت کی تو بھرت نے بھاوج سنیتا کو بھی گولی مار دی۔ جس سے دونوںکی موقع پر ہی موت ہوگئی۔ وہیں ہردوئی میں پارس دودھ ڈیری کے لوڈر ڈرائیور سلمان کی قاسم پور تھانہ علاقہ میں رزار کھیڑا گائوں کے پاس دھار دار اسلحہ سے قتل کر دیاگیا۔ قتل کے بعد لاش کو کچھ ہی دوری پر نالے میں پھینک دیا گیا۔ واردات سنیچر شام کی ہے۔ آگرہ کے سوفٹاروڈ پر سنیچر کی رات بی ایس این ایل کے جونئر ٹیلیفون افسر وریندر کمار کا قتل کر دیا گیا۔ان کی لاش گھر سے چار کلومیٹر دور پڑی ملی۔ وریندر کسی کا فون آنے پر گھر سے نکلے تھے۔ اس کے علاوہ غازی پور ضلع کے ریوتی پور تھانہ علاقہ میں بھی ایک لڑکی کا قتل کرکے اس کی لاش کو ندی کے کنارے پھینکا گیاہے۔ لاش کی شناخت ابھی نہیں ہو پائی ہے۔ پولیس کا کہنا ہے کہ سنیچر کی رات کولاش پھینکی گئی ہے۔ کاس گنج کے پٹیالی کوتوالی علاقہ کے موضع گڑھی کنیسر میں اتوار کو بجلی کا تار ڈالنے کو لے کر دوفریقوں میں خونی جنگ ہوگئی ایک فریق کی جانب سے جم کر پتھرائو اور فائرنگ کی گئی۔ واردات میں بی جے پی کے رکن اسمبلی کے رشتہ دار کی موت ہوگئی۔ جبکہ کنبہ کے ہی پانچ لوگ زخمی ہوگئے ہیں۔

Also read

LEAVE A REPLY

Please enter your comment!
Please enter your name here