سری نگر: سری نگر کے بین الاقوامی ہوائی اڈے پر بھاری برف باری اور کم روشنی کے سبب چار دنوں تک معطل رہنے والا فضائی ٹریفک جمعرات کی صبح بحال ہو گیا ہے۔
سری نگر ایئرپورٹ کے آفیشل ٹوئٹر ہینڈل پر فضائی ٹریفک کی بحالی کی اطلاع دیتے ہوئے کہا گیا: ‘ہمیں یہ اطلاع دیتے ہوئے خوشی ہو رہی ہے کہ بھاری برف باری اور خراب موسمی حالات کے بعد ہم نے فلائٹ آپریشنز بحال کر دیے ہیں۔ مسافروں کی سیفٹی ہماری اولین ترجیح ہے۔ ہم اپنے معزز مسافروں کا پھر سے خیر مقدم کرتے ہیں’۔
واضح رہے کہ وادی کشمیر میں تین سے چھ جنوری تک جاری رہنے والی بھاری برف باری کی وجہ سے جہاں اس خطے کا بیرون دنیا سے زمینی و فضائی رابطے منقطع ہو گئے تھے وہیں اس دوران معمول کی زندگی بھی مفلوج ہو کر رہ گئی۔
تاہم وادی کشمیر کے بیرون دنیا سے زمینی رابطے بدستور منقطع ہیں۔ 270 کلو میٹر طویل سری نگر – جموں قومی شاہراہ جمعرات کو مسلسل پانچویں دن بھی گاڑیوں کی آمد و رفت کے لئے بند رہی۔
ایک ٹریفک پولیس عہدیدار نے بتایا کہ سمرولی، ناشری، کیفٹیریا موڈ، سیری، مروگ اور جواہر ٹنل کے مقامات پر مٹی کے تودے یا پتھر گر آنے کی وجہ سے قومی شاہراہ ہنوز بند ہے۔
انہوں نے کہا کہ متعلقہ ایجنسیاں شاہراہ کو گاڑیوں کی آمد و رفت کے قابل بنانے کے کام میں لگی ہوئی ہیں۔ شاہراہ کی حالت دیکھ کر ہم نے اسے جمعرات کے روز بھی بند رکھنے کا پیشگی اعلان کر رکھا تھا۔
Also read