Friday, May 3, 2024
spot_img
HomeMuslim Worldمرے اللہ نے ہر عسر میں کچھ یُسر رکھے ہیں !

مرے اللہ نے ہر عسر میں کچھ یُسر رکھے ہیں !

प्ले स्टोर से डाउनलोड करे
 AVADHNAMA NEWS APPjoin us-9918956492—————–
अवधनामा के साथ आप भी रहे अपडेट हमे लाइक करे फेसबुक पर और फॉलो करे ट्विटर पर साथ ही हमारे वीडियो के लिए यूट्यूब पर हमारा चैनल avadhnama सब्स्क्राइब करना न भूले अपना सुझाव हमे नीचे कमेंट बॉक्स में दे सकते है|

عالم نقوی

ہم تلبیس حق و باطل اور فساد بحر و بر کے بد ترین دور میں ہیں لیکن چونکہ مرے اللہ نے ہر عسر میں کچھ یُسر، ضرور رکھے ہیں اس لیے یہ ناممکن ہے کہ عُسرِ شدید کے موجودہ مظاہر میں کچھ یُسرِ صریح بھی پوشیدہ نہ ہوں ۔
یہود و مشرکین اہل ایمان کے شدید اور دائمی دشمن ہیں،یہ تو خود قرآن میں موجود ہے لیکن اُن کے اَعوان و اَنصار بھی اَز خود ظاہر ہوتے چلے جارہے ہیں ۔ کسی اور نے نہیں ،خود ایک سعودی تاجر کی نیوز ویب سائٹ ’ایلاف ‘ نے اسرائل کے فوجی سربراہ کا یہ بیان اپنے پورٹل پر شایع کیا ہے کہ ان کا ملک ایران کی ’’مشرق وسطیٰ کو کنٹرول کرنے کی کوششوں ‘‘کا مقابلہ کرنے کے لیے سعودی عرب کے ساتھ تعاون کرنے کو تیار ہے ۔
اخوان ا لمسلمون کے قاتل فرعون ا لسیسی کے شہر قاہرہ میں ’عرب لیگ ‘ کے حالیہ ہنگامی اجلاس میں سعودی عرب اور بحرین نے اپنے اس مؤقف کا پھر اعادہ کیا کہ ’عرب ممالک کی سلامتی کے لیے اصل خطرہ ایران اور حزب اللہ ہیں ‘!ایرانی نیوکلئر میزائلوں کو سبھی عرب ممالک کے لیے خطرہ قرار دیتے ہوئے عرب لیگ کے قاہرہ اجلاس میں اتوار ۱۹ نومبر کو ایران کو کھلی دھمکی دی گئی کہ اس کی ’جارحیت ‘ کے سامنے عرب ملک بُت بنے نہیں کھڑے رہیں گے۔‘
اُدھر ابو ظبی کے ایک فوجی جرنل نے کہا ہے کہ’’ہم (یعنی عرب مسلم ممالک ) اسرائل کے لیے خطرہ نہیں۔ ہم تو اُس کے( یعنی صہیونی یہودی اسرائل کے ) اتحادی ہیں ۔ ‘‘
سعودی عرب ،متحدہ عرب امارات ،کویت اور بحرین پہلے بھی ایک سے زائد موقعوں پر یہ کہہ چکے ہیں کہ ’’اسرائل کا نہیں ایران کا ایٹمی پروگرام عرب ممالک کے لئےخطرناک ہے‘‘!
۲۱ نومبر۲۰۱۷ کے اخبارات میں اسرائل کے وزیر توانائی کا یہ بیان شاہ سرخی کے ساتھ شایع ہوا ہے کہ ’عرب اور دیگر کئی اسلامی ممالک کے ساتھ عرصہ دراز سے اسرائل کے قریبی روابط ہیں لیکن اُن کے ناموں کو اُن ہی کی درخواست پر خفیہ رکھا جاتا ہے ۔ عرب اسرائل روابط کا بنیادی سبب اُن سب کے مشترکہ دشمن ایران اور اخوان ا لمسلمون (مصر )،حماس (فلسطین )اور حزب اللہ(لبنان) سمیت خطے کی سبھی اسلام پسند طاقتیں ہیں ۔‘‘گزشتہ ہفتے اُنہوں نے اسرائلی پارلیمنٹ میں کہا تھا کہ ’انتہا پسند اسلام کے خلاف وہ اعتدال پسند (ماڈریٹ اسلام والی ) عرب ریاستوں کےساتھ کھڑے ہیں ۔‘‘
دلچسپ بات یہ ہے کہ سعودی عرب کے ولی عہد نے ،شاہ سلمان جن کے حق میں اپنے اقتدار سے قبل از وقت دست بردار ہونے کا عندیہ ظاہر کر چکے ہیں ،علانیہ کہا ہے کہ انہوں نے سعودی عرب میں ’ماڈریٹ اسلام ‘نافذ کرنے کا آغاز کر دیا ہے ! ملک کی شمال مغربی ساحلی پٹی پر پانچ سو ارب ڈالر کے خرچ سے ایک نئے اور عظیم الشان شہر کی تعمیر کا اعلان اسی مقصد سے کیا گیا ہے جہاں کے قانون اور ضابطے’’مغربی اور لبرل ‘‘ہوں گے ملک کے دیگر شہروں جیسےبا لخصوص ’’حرمین شریفین‘‘ جیسے نہیں۔سعودی شہری ابھی تک ’وِیک اِنڈ‘ پر جن ’لبرل آسائشوں ‘ کے لیے بحرین جایا کرتے تھے وہ اب اُنہیں اپنے ہی ملک کے اِس جدید لبرل شہر میں میسر ہوں گی ۔‘
دوسری طرف فلسطینی صحافی اور کالم نگار رمزی بارود نے اپنے تازہ ترین کالم میں لکھا ہے کہ انسانوں کو انسانوں سے کاٹنے کے لیے اور انسانوں کو انسانوں کے بنیادی حقوق سے محروم رکھنے کے لیے دنیا میں اب تک ستر (۷۰) بلند وبالا دیواریں کھڑی کی جاچکی ہیں جن میں سب سے اونچی اور سب سے زیادہ ناقابل عبور دیواریں اسرائل نے فلسطینیوں کی بستیوں کے گرد اُٹھا رکھی ہیں ۔ اپنے ہی شہریوں کو اجتماعی سزا دینے کے لیے نفرت کی دیواریں اٹھانے کا فن وہ اب ہندستان جیسے اپنے دوسرے دوست ممالک کو بھی برآمد کر رہا ہے ۔
لیکن ،سنگین عسر کے ان تمام مظاہر کے درمیان یسر کی علامتیں بھی نمایاں ہیں ۔
مثلاً امریکہ جیسی نام نہاد سپر پاور شمالی کوریا جیسے چھوٹے سے کمزور ملک سےاتنی خوف زدہ ہے کہ اسے ایٹمی جنگ کی دھمکیاں دے رہی ہے ! نام نہاد سیکیورٹی پر اتنی دولت خرچ کر ڈالنے کے باوجود کہ جو دنیا سے بھوک ،بے روز گاری بے آسرائی اور افلاس کا مکمل خاتمہ کرنے کے لیے کافی سے بھی زیادہ ہوتی آج دنیا کے سبھی صہیونی یہودی اور اُن کی معاون و مددگار قومیں اور قوتیں شدید خوف کی نفسیات میں مبتلا ہیں ۔اسرائل امریکہ اور ان کے دوستوں کی بپا کردہ پندرہ سالہ عالمی ’وار آن ٹیرر‘(دہشت گردی کے خلاف جنگ ) کے باوجود دنیا کی یہ حقیقی دہشت گرد طاقتیں آج ایران ،اخوان ،حماس اور حزب ا للہ سے خوفزدہ ہیں !
کیا اس کے معنی یہ نہیں ہیں ، کہ حق ’سُپر پاور ‘ کے ساتھ نہیں ’مستضعفین ‘ کے ساتھ ہے ! اور یہ کہ مستقبل( نہ سہی قریب ،بعید ہی سہی ) ظلم و فساد کا نہیں عدل و صلاح کا ہے !انشا ا للہ ۔
٭٭٭

 

RELATED ARTICLES

LEAVE A REPLY

Please enter your comment!
Please enter your name here

- Advertisment -spot_img
- Advertisment -spot_img
- Advertisment -spot_img
- Advertisment -spot_img

Most Popular