Thursday, May 16, 2024
spot_img
HomeMuslim Worldارشد منیم کی افسانہ نگاری (’’خواب خواب زندگی‘‘ کے حوالے سے)

ارشد منیم کی افسانہ نگاری (’’خواب خواب زندگی‘‘ کے حوالے سے)

[email protected] 

9807694588

اپنے مضمون كی اشاعت كے لئے مندرجه بالا ای میل اور واٹس ایپ نمبر پر تحریر ارسال كر سكتے هیں۔

 

 

 

محمد علیم اسماعیل

سرزمین پنجاب اردو زبان و ادب کے تعلق سے بہت ہی زرخیز علاقہ ہے۔اردو کی پیدائش کے متعلق جو نظریات سامنے آئے ہیں اس حساب سے بھی پنجاب کی ایک اپنی اہمیت ہے۔’’پنجاب میں اردو‘‘ اس مایہ ناز تخلیق کے خالق حافظ محمود شیرانی نے اپنی تصنیف میں یہ بتایا ہے کہ اردو پنجاب میں پیدا ہوئی۔پنجاب کا ایک شہر مالیرکوٹلہ،جسے میں بشیر مالیرکوٹلوی کی توسط سے جانتا ہوں۔اسی شہر کے ایک ابھرتے ہوئے افسانہ نگار ارشد منیم ہیں۔ارشد منیم نے محمد بشیر مالیرکوٹلوی کی سرپرستی میں اپنے شوق لگن اور محنت سے بشیر صاحب کے’’افسانہ قلب‘‘کی سرگرمیوں میں شامل ہوکر افسانے کے رموز سیکھے۔انھوں نے 2000 سے افسانہ نگاری کی شروعات کی اور 2015 میں ان کا پہلا افسانوی مجموعہ’’خواب خواب زندگی‘‘شائع ہوا۔
ان کے مجموعے میں شامل افسانہ’ گناہ‘ آج کے’می ٹو‘ والے حالات پر بالکل صادق آتا ہے۔اپنی مرضی سے کیے گئے بد فعل کو لے کر بوال کھڑا کرنا پھر زنابالجبر کے جھوٹے الزام میں سامنے والے کو پھنسا دینا۔آج یہی ہو رہا ہے اور ہر طرف سے می ٹو کی آوازیں بلند ہو رہی ہیں۔
افسانہ’ گنہگار‘ایک بہترین افسانہ ہے۔افسانے میں غضب کی روانی ہے جو کہیں ٹھہرنے نہیں دیتی۔یہ ایک غریب مظلوم لڑکی کی کہانی ہے۔اس کے ممی پاپا ایک دہشت گرد حملے میں مارے جاتے ہیں اور وہ اس دنیا میں اکیلی رہ جاتی ہے۔ وہ لڑکی حمل سے ہے۔پاگل ہے لوگوں کو پتھر مارتی پھرتی ہے۔دراصل وہ پاگل نہیں پاگل ہونے کا ناٹک کرتی ہے۔کیوں؟ تاکہ کوئی بھی اس کے ساتھ پھر سے بد کاری کرنے کی کوشش نہ کرے۔‎ایک عورت کو اس سے ہمدردی ہے اور وہ اس کی مدد کرنا چاہتی ہے۔کہانی آخر تک بھی کھلتی نہیں۔اور آخر میں قاری چونک جاتا ہے۔جب وہ لڑکی مدد کرنے والی عورت کے پتی کی تصویر دیکھ کر یہ اشارہ دیتی ہے کہ اس کا اصل گنہگار اسی عورت کا شوہر ہے۔
افسانہ ’بےثمر‘ میں بہو آمنہ شوہر عابد اور آمنہ کی ساس تین کردار ہیں۔آمنہ کی شادی کو تین سال ہو گئے لیکن صحن بچوں کی کلکاریوں سے خالی ہے۔آمنہ کی ساس طعنے دیتی ہیں،بانجھ کہتی ہیں اور اپنے بیٹے کی دوسری شادی کرانے کا فیصلہ کرتی ہیں۔دوسری شادی کا سنتے ہی آمنہ کا رو رو کر برا حال ہو جاتا ہے۔وہ نہ کچھ کھاتی ہے نہ ہی پیتی ہے۔عابد سے لپٹ لپٹ کر روتی ہے۔وہ عابد سے بے انتہا محبت کرتی ہے اور اس کی جدائی برداشت نہیں کر سکتی۔لیکن آخر میں آمنہ کے یہ جملے جو وہ عابد سے کہتی ہے’’کبھی انھوں نے دوسری شادی کی بات کی یا مجھے بانجھ کہا تو میں چپ نہ رہوں گی اور بول دوں گی اُن کو کہ بانجھ میں نہیں بلکہ ان کا بیٹا بے ثمر ہے۔‘‘قاری کو چونکا دیتے ہیں۔
افسانہ ’گروہ‘ ارون نامی ایک نوجوان کی کہانی ہے۔جو خوبصورت ہونے کے ساتھ ساتھ طاقتور جسم کا مالک بھی ہے۔وہ جلد دولت مند بننے کی خواہش لیے گاؤں سے شہر جاتا ہے اور وہاں مرد ویشیاؤں کے گروہ میں شامل ہو جاتا ہے۔
ارشد منیم اپنے افسانوں کو بڑی چابک دستی سے بنتے ہیں۔ان کے یہاں پلاٹ میں ربط و تسلسل ہے۔افسانے میں موجود ہر واقعہ و ہر جملہ افسانے کا اٹوٹ حصہ ہے۔وہ بلا ضرورت اِدھر اُدھر کی باتیں نہیں کرتے۔ان کے مجموعے میں شامل سب ہی افسانے ایک جاندار کلائمکس پر ختم ہوتے ہیں۔

نورالحسنین فرماتے ہیں:’’ارشد منیم بیانیہ کے ہنر سے واقف ہیں۔افسانے کے پلاٹ اور کرداروں کی تشکیل کا سلیقہ بھی وہ جانتے ہیں۔ان کے افسانوں میں ایک تجسس ہے جو قاری سے پوری کہانی پڑھوانے کا دم خم رکھتا ہے۔‘‘
ارشد منیم نے اپنے افسانوں میں احتجاجی صدائیں بلند کی ہیں۔انھوں نے سماجی برائیوں پر طنز کیا ہے۔جس کا مقصد برائیوں کی اصلاح کرنا اور ایک اچھا سماج تشکیل دینا ہے۔
محمد بشیر مالیرکوٹلوی لکھتے ہیں:’’ارشد کے افسانے پر احتجاج ہیں۔اس نے سماج کے ناسوروں کو ڈھونڈ ڈھونڈ کر کریدا ہے۔‘‘
ارشد منیم نے جو کچھ کھلی آنکھوں سے دیکھا ان واقعات کو افسانے کے قالب میں ڈھال دیا۔ ان کے افسانے دھیرے دھیرے ماحول بناتے ہوئے آگے بڑھتے ہیں اور ایک جاندار کلائمکس پر آکر ختم ہو جاتے ہیں۔
اسلم جمشید پوری فرماتے ہیں:’’ارشد منیم کے یہاں چہروں کی پرت کھلتی ہیں شریف انسان کی بدمعاشی اور بدمعاش انسان کی شرافت قاری کو چونکا دیتی ہے۔وہ اپنے آس پاس کے مسائل کو زبان عطا کرتے ہیں۔‘‘
ان کے افسانوں میں مکالمے کرداروں کی اپنی زبان سے ادا ہوئے ہیں۔منظر نگاری بھی کمال کی ہے۔واقعات میں ترتیب ہے۔موضوعات میں بھی تنوع ہے۔ارشد منیم نے گہرے مشاہدے سے انسانی جذبات و خواہشات کے مختلف گوشوں کو اجاگر کیا ہے۔اور بے شمار انفرادی و سماجی مسائل کو بے نقاب کیا ہے۔
8275047415
ضضض

RELATED ARTICLES

LEAVE A REPLY

Please enter your comment!
Please enter your name here

- Advertisment -spot_img
- Advertisment -spot_img
- Advertisment -spot_img
- Advertisment -spot_img

Most Popular