یوم غالب کے موقعے پر مرزا غالب کو خراج عقیدت- Tribute to Mirza Ghalib on the occasion of Ghalib Day

0
157

Tribute to Mirza Ghalib on the occasion of Ghalib Day

انجمن ترقی اردو (دہلی شاخ) نیشنل امیر خسرو سوسائٹی اور غالب اکیڈمی کا غالب کو خراج عقیدت
انجمن ترقی اردو (دہلی شاخ) نے نیشنل امیر خسرو سوسائٹی اور غالب اکیڈمی کے اشتراک سے 15؍ فروری کو ایک پروقار پروگرام کا انعقاد کیا، جس میں شہر کی علمی اور ادبی شخصیات نے شریک ہو کر مزار غالب پر گل افشانی اور فاتحہ خوانی کے ذریعے خراج عقیدت پیش کیا۔ اس موقعے پر ایک ادبی نشست کا بھی اہتمام کیا گیا جس کی صدارت کرتے ہوئے پروفیسر ابن کنول نے کہا کہ بڑی قومیں اپنے تہذیبی ورثے سے غافل نہیں ہوتیں۔ انجمن ترقی اردو (دہلی شاخ) اس لحاظ سے قابل مبارک باد ہے کہ وہ ایک طویل عرصے سے یوم غالب کا انعقاد کر رہی ہے۔ چار دہائیوں سے تو میں ہی اس پروگرام میں شریک ہو رہا ہوں۔ اس پروگرام کے مہمان خصوصی ڈاکٹر خالد علوی نے کہا کہ غالب اردو کے بڑے شاعر تھے انھوں نے جس فارسی روایت سے اپنے فن کا چراغ روشن کیا وہ اصل میں ان کی تہذیب اور شخصیت کا حصہ تھا۔ بعض لوگوں نے اسے سرقے سے تعبیر کیا لیکن ہماری مشرقی روایت کا یہ مسلمہ اصول ہے کہ مضمون اسی کا ہے جو اس کو بہتر ڈھنگ سے باندھ سکے۔ افتتاحی تقریر کرتے ہوئے پروفیسر شریف حسین قاسمی نے کہا کہ غالب کی ادبی شخصیت فارسی اور اردو سے مل کر مکمل ہوتی ہے۔ لیکن ہماری بد قسمتی ہے کہ اب لوگ عموماً فارسی سے نابلد ہیں۔ ڈاکٹر عقیل احمد سکریٹری غالب اکیڈمی نے تمام شرکا کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ جناب خورشید عالم صاحب (جنرل سکریٹری انجمن ترقی اردو دہلی شاخ) اور جناب ادریس احمد صاحب (جوائنٹ سکریٹری انجمن ترقی اردو دہلی شاخ) اور امیر خسرو سوسائٹی کے تمام اراکین مبارکباد کے مستحق ہیں کہ انھوں نے غالب اکیڈمی کے اشراک سے اس خوبصورت بزم کا انعقاد کیا۔ ڈاکٹر ادریس احمد ایک تجربہ کار شخصیت کے حامل ہیں اور ہر کام کو نہایت خوش اسلوبی اور خلوص کے ساتھ انجام دیتے ہیں۔ وہ غالب انسٹی ٹیوٹ سے بھی وابستہ ہیں لیکن علمی کاموں ایسا خلوص کم لوگوں کے حصے میں آتا ہے۔ اس موقعے پر استاد عبدالرحمٰن صاحب نے بزم موسیقی کے تحت اپنے مخصوص انداز میں غزل سرائی کے ذریعے غالب کو خراج عقیدت پیش کیا۔ اس موقعے پر ایک طرحی مشاعرے کا بھی اہتمام کیا گیا جس کی صدارت کے فرائض جناب متین امروہوی اور نظامت کے فرائض جناب معین شاداب نے انجام دیے۔ جناب وقار مانوی، جناب ظفر مراد آبادی، جناب ابرار کرتپوری، جناب متین امروہوی، جناب نسیم عباسی، جناب جمیل مانوی، جناب معین شاداب، جناب اقبال فردوسی، جناب بھٹناگر شاداب، محترمہ آشکارا خانم کشف، محترمہ چشمہ فاروقی، اور ڈاکٹر عفت زریں نے بحیثیت شاعر شرکت فرمائی۔

Also read

LEAVE A REPLY

Please enter your comment!
Please enter your name here