انسٹاگرام میں لائیکس چھپانے کی ‘اصل وجہ’ سامنے آگئی

0
214

انسٹاگرام کی جانب سے اس مقبول ترین فوٹو شیئرنگ اپلیکشن میں پوسٹس پر لائیکس کو چھپانے کا فیچر مختلف ممالک میں متعارف کرایا جاچکا ہے۔

صارف اپنی پوسٹ پر تو لائیکس کی تعداد دیکھ سکتا ہے مگر دوسروں کی پوسٹس پر نہیں، جسے انسٹاگرام کے سربراہ ایڈم میسوری نے نوجوانوں سے زیادہ سے زیادہ لائیکس کا دباﺅ کم کرنا قرار دیا۔

آسان الفاظ میں جب آپ دیگر کی پوسٹس پر لائیکس نہیں دیکھ سکیں گے تو اپنی پوسٹ پر کم لائیک پر برا محسوس نہیں ہوگا اور ایڈم میسوری کے مطابق ‘ہم ایسے فیصلے کرتے ہیں جو کاروبار کو متاثر کرسکتے ہیں مگر اس کا مقصد لوگوں کی شخصیت اور صحت میں مدد دیتا ہے’۔

مگر یہ وضاحت مکمل کہانی نہیں اور سی این بی سی کی ایک نئی رپورٹ کے مطابق فیس بک کا ماننا ہے کہ لائیکس کو چھپانا درحقیقت صارف کو زیادہ پوسٹ کرنے پر اکسائے گا۔

درحقیقت صرف زیادہ پوسٹس ہی نہیں بلکہ کمپنی کا تو خیال ہے کہ صارف ایپ میں زیادہ وقت گزاریں گے جس سے فیس بک کی اشتہاری آمدنی میں انسٹاگرام صارفین کے ذریعے مزید اضافہ ہوسکے گا۔

ایڈم میسوری نے بھی اس ممکنہ اثر کو تسلیم کیا ہے مگر کمپنی کی جانب سے اس حوالے سے جو وضاحتیں کی جارہی ہیں ان میں بار بار کہا گیا کہ اس کا مقصد پلیٹ فارم کو بہتر بنانا ہے۔

ایڈم میسوری نے گزشتہ ماہ ایک انٹرویو میں کہا تھا ‘یہ نوجوانوں کے لیے ہے، اس کے ذریعے انسٹاگرام استعمال کرنے والوں پر دباﺅ کم کرنا ہے اور مقابلے بازی کی بجائے لوگوں کو زیادہ افراد سے جڑنے کا موقع ملے گا، چیزیں انہیں متاثر کریں گی’۔

واضح رہے کہ مختلف ممالک میں فی الحال یہ فیچر آزمائشی مراحل سے گزر رہا ہے اور اسے مستقل تبدیلی کے طور پر متعارف کرانے کے بارے میں کوئی اعلان نہیں کیا گیا۔

مگر اس تبدیلی کے بعد معروف سیلیبرٹیز اور اس ایپ میں لوگوں کی زیادہ توجہ حاصل کرنے والے صارفین نے لائیکس چھپانے پر پلیٹ فارم کو چھوڑنے کی دھمکیاں دی ہیں۔

Also read

LEAVE A REPLY

Please enter your comment!
Please enter your name here