Friday, April 26, 2024
spot_img
HomeMarqueeانڈر 19 ورلڈ کپ کیلئے پاکستانی اسکواڈ کا اعلان، نسیم شاہ بھی...

انڈر 19 ورلڈ کپ کیلئے پاکستانی اسکواڈ کا اعلان، نسیم شاہ بھی شامل

پاکستان کرکٹ بورڈ(پی سی بی) نے آئندہ سال جنوبی افریقہ میں شیڈول انڈر19 ورلڈ کپ کے لیے 15رکنی اسکواڈ کا اعلان کردیا ہے جس کی قیادت روہیل نذیر کریں گے۔

انڈر19 ورلڈ کپ آئندہ ماہ 17جنوری سے 9فروری تک جنوبی افریقہ میں جاری رہے گا جس کے لیے حیدر علی کو ٹیم کا نائب کپتان مقرر کیا گیا ہے۔

پاکستان کی ٹیم عالمی کپ کے گروپ سی میں موجود ہے جہاں وہ 19جنوری کو اسکاٹ لینڈ کے خلاف میچ سے ایونٹ میں اپنی مہم کا آغاز کرے گی۔

اس کے بعد پاکستانی ٹیم کا اگلا میچ 22جنوری کو زمبابوے اور پھر گروپ کا آخری میچ 24جنوری کو بنگلہ دیش کے خلاف کھیلے گی۔

اس کے بعد ہر گروپ سے دو بہترین ٹیمیں سپر لیگ مرحلے کے لیے کوالیفائی کر لیں گی جبکہ بقیہ ٹیمیں پلیٹ چیمپیئن شپ میں شرکت کریں گی۔

سپر لیگ مرحلے کی چار بہترین ٹیمیں سیمی فائنل میں جگہ بنائیں گی اور سیمی فائنل کی فاتح ٹیمیں 9فروری کو ٹائٹل کے لیے نبردآزما ہوں گی۔

جونیئر سلیکشن کمیٹی کے سربراہ سلیم جعفر نے 1نڈر19 ورلڈ کپ کے لیے پاکستانی اسکواڈ میں شامل ہونے والے کھلاڑیوں کو مبارکباد پیش کی اور کہا کہ پاکستان کی جانب سے ٹیسٹ کیپ حاصل کرنے والے فاسٹ باؤلر نسیم شاہ کو ٹیم میں شامل کیا گیا ہے۔

اسکواڈ میں 14سالہ آل راؤنڈر محمد شہزاد بھی شامل ہیں جن پر سلیم جعفر نے مکمل اعتماد کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ شہزاد ایک اچھا پیکج ہیں، وہ اوپننگ کرنے کے ساتھ ساتھ میڈیم پیس باؤلنگ بھی کرتے ہیں لہٰذا وہ مستقبل میں عبدالرزاق کی طرح ایک اچھے آل راؤنڈر بن سکتے ہیں۔

سدرن پنجاب سے تعلق رکھنے والے محمد شہزاد ایک بیٹنگ آل راؤنڈر ہیں اور انہوں نے حال ہی میں منعقدہ انڈر16 ڈومیسٹک ٹورنامنٹ کے دو میچوں میں 175 رنز اسکور کرنے کے ساتھ ساتھ 6وکٹیں بھی حاصل کر کے سلیکٹرز کی توجہ حاصل کی تھی۔

سلیکشن کمیٹی کے سربراہ سلیم جعفر نے کہا کہ مجھے معلوم ہے کہ چند کھلاڑی اسکواڈ میں منتخب نہ ہونے پر مایوس ہیں لیکن بہترین اور انتہائی باصلاحیت کھلاڑیوں کی موجودگی کے سبب ہمارے لیے 15رکنی اسکواڈ کا انتخاب ایک مشکل مرحلہ تھا، میں اسکواڈ میں منتخب نہ ہونے والے کھلاڑیوں کی حوصلہ افزائی کرتتے ہوئے انہیں کہنا چاہتا ہوں کہ وہ مثبت رہیں اور مجھے یقین ہے کہ انہیں مستقبل میں ضرور مواقع ملیں گے۔

RELATED ARTICLES

LEAVE A REPLY

Please enter your comment!
Please enter your name here

- Advertisment -spot_img
- Advertisment -spot_img
- Advertisment -spot_img
- Advertisment -spot_img

Most Popular