نئی دہلی: ہندوستان اور چین کے فوجی حکام نے مشرقی لداخ میں لائن آف ایکچول کنٹرول سے متصل علاقوں میں گزشتہ سال پیدا ہونے والے تعطل سے متعلق زیر التواء مسائل باہمی اتفاق سے حل کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔
دونوں ممالک کے فوجی کمانڈروں کے مابین ہفتہ کے روز چین کی سرحد پر واقع مولڈو علاقے میں دسویں مرحلے کی بات چیت ہوئی۔
مذاکرات کے بعد جاری ہونے والے مشترکہ بیان میں کہا گیا ہے کہ تقریبا 16 گھنٹے طویل مذاکرات کے دوران دونوں فریقین نے یہ فیصلہ کیا ہے کہ دونوں ممالک کی سیاسی قیادت کے مابین معاہدے کی بنیاد پر رابطے اور بات چیت کو جاری رکھیں گے، زمینی سطح پر صورتحال کو مستحکم بنائیں گے اور زیر التواء معاملات کو مرحلہ وار حل کریں گے تاکہ سرحدی علاقوں میں امن اور دوستی کی فضا پیدا ہوسکے۔