پارلیمنٹ کی نئی عمارت کو لیکر سیاست گرم

0
801

حزب اختلاف کاافتتا حی تقریب کے بائیکاٹ کا اعلان

نئی دہلی۔ پارلیمانی امور کے وزیر پرہلاد جوشی نے19 اپوزیشن جماعتوں سے اپیل کرتے ہوئے کہاکہ 28 مئی کو پارلیمنٹ کی نئی عمارت کے افتتاح کے بائیکاٹ کے اپنے فیصلے پر نظر ثانی کریں، جوشی نے ان پر زور دیا کہ وہ تاریخی تقریب کا حصہ بنیں۔میڈیا سے بات کرتے ہوئے جوشی نے کہا:میں انہیں بتانا چاہوں گا کہ یہ ایک تاریخی مو قع ہے۔ یہ وقت سیاست کا نہیں ہے۔ بائیکاٹ کرنا اور اس کو ایشو بنانا انتہائی افسوس ناک ہے۔وہیں وزیر داخلہ امت شاہ نے کہا- ‘اپوزیشن کو نئے پارلیمنٹ ہاؤس کی افتتاحی تقریب کو سیاست سے نہیں جوڑنا چاہیے۔ ہم نے سب کو مدعو کیا ہے۔ ہماری خواہش ہے کہ سب اس پروگرام میں شرکت کریں۔
اپوزیشن کی 19 جماعتوں نے کہا ہے کہ وزیر اعظم نریندر مودی کی قیادت والی حکومت میں پارلیمانی جمہوریت پر حملہ ہوا ہے اور نئی عمارت کی تعمیر میں اپوزیشن جماعتوں کے ساتھ کوئی مشاورت نہیں کی گئی ہے اسی لیے سیاسی جماعتوں نے نئے پارلیمنٹ ہاؤس کی افتتاحی تقریب کا اجتماعی بائیکاٹ کرنے کا فیصلہ کیا ہے ہم خیال اپوزیشن جماعتوں نے بدھ کو یہاں ایک مشترکہ بیان میں کہاکہ ’’پارلیمنٹ کی نئی عمارت کا افتتاح ایک اہم موقع ہے۔ اپوزیشن کا ماننا ہے کہ مودی حکومت جمہوریت کے لیے خطرناک صورتحال پیدا کر رہی ہے۔ اس حکومت نے آمرانہ انداز میں نئی ​​پارلیمنٹ بنائی، اس کے باوجود اپوزیشن افتتاحی تقریب کے موقع پر اختلافات بھلانے کو تیار تھی۔ نئے پارلیمنٹ ہاؤس کے افتتاح کے موقع پر حکومت نے صدر دروپدی مرمو کو مکمل طور پر نظرانداز کرتے ہوئے مسٹر مودی کے ذریعہ نئی عمارت کا افتتاح کرنے کا فیصلہ کیا ہے اور یہ ہماری جمہوری روایت پر سیدھا حملہ ہے۔‘‘اپوزیشن جماعتوں نے کہاکہ “نیا پارلیمنٹ ہاؤس وبائی امراض کے دوران بھاری اخراجات سے بنایا گیا ہے۔ ہندوستانی عوام یا ارکان پارلیمنٹ سے کوئی مشاورت نہیں کی گئی۔ جب پارلیمنٹ سے جمہوریت کی روح نکال دی گئی ہے، ہمیں نئی ​​عمارت کی کوئی اہمیت نظر نہیں آتی، اس لیے ہم نئے پارلیمنٹ ہاؤس کے افتتاح کے بائیکاٹ کے اجتماعی فیصلے کا اعلان کرتے ہیں۔ ہم اس ظالم وزیر اعظم اور اس کی حکومت کے خلاف الفاظ اور جذبات میں لڑتے رہیں گے اور اپنا پیغام براہ راست عوام تک پہنچائیں گے۔‘‘

یہ بھی پڑھیں

ڈاکٹر دبیر احمد کی ترتیب میں تحقیقی و تنقیدی بصیرت

بیان میں کہا گیا ہے کہ آئین کے آرٹیکل 79 کے مطابق یونین کے لیے ایک پارلیمنٹ ہوگی جس میں ایک صدر اور دو ایوان ہوں گے جنہیں بالترتیب ریاستوں کی کونسل اور عوام کی اسمبلی کے نام سے جانا جاتا ہے۔حزب اختلاف کی جماعتوں نے کہاکہ صدر ہندوستان میں نہ صرف ریاست کے سربراہ ہیں بلکہ پارلیمنٹ کا ایک اٹوٹ حصہ بھی ہیں۔ وہ پارلیمنٹ کو طلب کرتی ہے، ملتوی کرتی ہے اور خطاب کرتی ہے۔ مختصر یہ کہ پارلیمنٹ صدر کے بغیر نہیں چل سکتی۔ اس کے باوجود وزیراعظم نے ان کے بغیر نئے پارلیمنٹ ہاؤس کا افتتاح کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ یہ غیرمعمولی عمل صدر کے اعلیٰ عہدے کی بے عزتی کرتا ہے اور آئین کے روح کی خلاف ورزی کرتا ہے۔ یہ وقار کے ساتھ جامعیت کے جذبے کو مجروح کرتا ہے جس نے ملک کی پہلی خاتون قبائلی صدر کے استقبال کی بنیاد رکھی۔وزیر اعظم پر براہ راست حملہ کرتے ہوئے بیان میں کہا گیا کہ پارلیمنٹ کو مسلسل کھوکھلا کرنے والے وزیر اعظم کے لیے غیر جمہوری حرکتیں کوئی نئی بات نہیں ہے۔ پارلیمنٹ میں اپوزیشن ارکان کو عوامی مسائل اٹھانے پر نااہل، معطل اور خاموش کر دیا گیا ہے۔ حکمران جماعت کے ارکان پارلیمنٹ نے پارلیمنٹ میں خلل ڈالا۔ کئی متنازعہ بل بشمول تین زرعی قوانین تقریباً بغیر بحث کے منظور ہو چکے ہیں اور پارلیمانی کمیٹیوں کو عملی طور پر غیر فعال کر دیا گیا ہے۔کانگریس کے علاوہ جن اپوزیشن جماعتوں نے یہ مشترکہ بیان جاری کیا ہے ان میں ترنمول کانگریس، دراوڑ منیترا کزگم، جنتا دل یو، عام آدمی پارٹی، نیشنلسٹ کانگریس پارٹی، شیو سینا- ادھو بالا صاحب ٹھاکرے، مارکسی کمیونسٹ پارٹی، سماج وادی پارٹی، راشٹریہ جنتا دل، کمیونسٹ پارٹی آف انڈیا، انڈین یونین مسلم لیگ، جھارکھنڈ مکتی مورچہ، نیشنل کانفرنس، کیرالہ کانگریس-مانی، ریوولیوشنری سوشلسٹ پارٹی، ودوتھلائی چروتھیگل کاچی مارومالارچی دراوڑ منیترا کزگم اور راشٹریہ لوک دل شامل ہیں۔
کانگریس لیڈر راہل گاندھی نے پارلیمنٹ کی نئی عمارت کی افتتاحی تقریب میں صدر دروپدی مرمو کو مدعو نہ کرنے پر ایک بار پھر مرکز پر تنقید کی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ’’پارلیمنٹ تکّبر کی اینٹوں سے نہیں بلکہ آئینی اقدار سے تیار ہوتی ہے۔‘‘ ان کا یہ تبصرہ ایسے وقت میں آیا ہے جب کانگریس سمیت 19 جماعتوں نے بدھ کو وزیر اعظم نریندر مودی کے ذریعہ 28 مئی کو پارلیمنٹ کی نئی عمارت کے افتتاح کے بائیکاٹ کا اعلان کیا ہے۔راہل گاندھی نے ہندی میں ایک ٹوئٹ میں کہا ’’صدر کو افتتاح کرنے کی اجازت نہ دینا اور نہ ہی انہیں افتتاحی تقریب میں مدعو کرنا ملک کے اعلیٰ آئینی عہدے کی توہین ہے۔ پارلیمنٹ تکبر کی اینٹ سے نہیں آئینی اقدار سے بنتی ہے۔‘‘دریں اثنا، کانگریس کے جنرل سکریٹری جے رام رمیش نے ٹوئٹ کیا ’’پارلیمنٹ میں جمہوریت کی شہنائی بجنی چاہئے لیکن جب سے خود ساختہ وشو گرو تشریف لائے ہیں ’ایک تنتر‘ (اجارہ داری) کی توپ چلائی جا رہی ہے۔ عمارت نہیں، نیت بدلو!‘‘
وہیں اڈیشہ کے وزیر اعلی نوین پٹنائک کی قیادت والی بیجو جنتا دل (بی جے ڈی) نے بدھ کو دارالحکومت میں نئی ​​تعمیر شدہ پارلیمنٹ کی عمارت کے افتتاح کے ’’تاریخی موقع‘‘ پر منعقد پروگرام میں شرکت کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ صدر اور پارلیمنٹ جیسے ادارے کو جس سے ان کی عزت اور وقار متاثر ہو،کسی بھی تنازعہ سے دور رکھا جائے ۔

Also read

LEAVE A REPLY

Please enter your comment!
Please enter your name here