سری نگر: جموں وکشمیر پولیس نے سری نگر میں دو منشیات اسمگلروں کو گرفتار کرکے ان کی تحویل سے چھ گرام براؤن شوگر ضبط کرنے کا دعویٰ کیا ہے۔
ایک پولیس ترجمان نے اپنے ایک بیان میں کہا کہ پولیس کی ایک پارٹی نے شہر خاص کے خانیار علاقے میں بابا داؤد خالی پل پر ایک ناکہ لگایا اور چیکنگ شروع کی۔
انہوں نے بتایا کہ اس دوران پولیس نے دو مشتبہ افراد کو دیکھا جو ناکہ سے بھاگنے کی کوشش کر رہے تھے۔
موصوف ترجمان نے بتایا کہ پولیس کی ایک پارٹی نے ان کا تعاقب کیا اور انہیں دھر لیا۔
انہوں نے کہا کہ تلاشی کے دوران ان کی تحویل سے چھ گرام براؤن شوگر جیسی کوئی نشہ آور شئی بر آمد کی گئی جس کے بعد دونوں کو گرفتار کیا گیا۔
گرفتار شدگان کی شناخت محمد عمران خان ساکن نارکرہ بڈگام اور واحد احمد چھولہ عرف جان چھولہ ساکن آرم مسجد خانیار کے بطور ہوئی ہے۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ اس ضمن میں پولیس اسٹیشن خانیار میں ایک کیس درج کرکے مزید تحقیقات شروع کی گئی ہیں۔
Also read