آئین کی بنیادی روح کے خلاف ہے سی اے اے :عمران خان

0
116

لکھنؤ : شہریت ترمیمی ایکٹ (سی اے اے) اور مجوزہ قومی آبادی رجسٹر (این آر سی) کی مخالفت میں حسین آباد واقع گھنٹہ گھر پر منگل کو مسلسل ٢٠ ویں دن خواتین کی تحریک جاری رہی۔ منگل کو اداکار عمران خان نے گھنٹہ گھر پہنچ کر تحریک چلارہی خواتین کی حمایت کی۔

  انہوں نے کہا کہ پورے ملک میں سبھی مذاہب کے لوگ سی اے اے کے سلسلے میں مظاہرہ کر رہے ہیں، حکومت کو مظاہرین کے جذبات کو سمجھنا چاہئے، وہیں ڈاکٹر امبیڈکر راشٹریہ ایکتا منچ کے صدر بھون ناتھ پاسوان اور تحریک فکر ملت فاؤنڈیشن کے جنرل سکریٹری محمد حنیف خاں نے بھی گھنٹہ گھر پہنچ کر خواتین کو حمایت دی۔ وہیں گومتی نگر نے اجریاؤں واقع درگاہ کیمپس میں بھی مسلسل ۱۶ ویں دن خواتین کی تحریک جاری رہی۔


گھنٹہ گھر پر شہریت ترمیمی قانون اور این آر سی کے خلاف گذشتہ ۱۹ دنوں سے چل رہے خواتین کے مظاہرے کو سبھی مذاہب اور سماج کی مسلسل حمایت مل رہی ہے۔ دوپہر میں بالی ووڈ اداکار عمران خان کے آنے کی اطلاع ملتے ہی گھنٹہ گھر پر لوگ جمع ہونا شروع ہوگئے۔ شام تقریباً ساڑھے ۴ بجے گھنٹہ گھر پہنچے عمران خان نے کہا کہ سی اے اے آئین کے خلاف ہے۔

ملک کا آئین سب کو برابری کا حق دیتا ہے۔ وزیر اعظم اسے صحیح کرائیں۔ انہوں نے کہا کہ جو خواتین اتنے دن سے پرامن مظاہرہ کرر ہی ہیں، وہ قابل تعریف ہے۔ انہوں نے کہا کہ سی اے اےکے سلسلے میں مسلمانوں کو گمراہ کرنے کی بات پوری طرح سے غلط ہے۔ عمران نے کہا کہ مجھے ملک کی حکومت وآئین پر پورا اعتماد ہے۔

وہیں تحریک فکرملت فاؤنڈیشن کے جنرل سکریٹری محمد حنیف خاں اور ڈاکٹر ا مبیڈکر راشٹریہ ایکتا منچ کے صدر بھون ناتھ پاسوان نے بھی گھنٹہ گھر پہنچ کر تحریک چلا رہی خواتین کی حمایت کی۔ فاؤنڈیشن کے جنرل سکریٹری محمد حنیف خاں نے کہا کہ ظلم اور ناانصافی کے خلاف سڑکوں پر اتری عورتیں اس تاناشاہ حکومت کے زوال کا سبب بنیں گی۔

ہماری تہذیب میں عورتوں کو گھر کی لکشمی کہا جاتا ہے۔ خود کو یوگی کہنے والے وزیر اعلیٰ ان ہی عورتوں کو چوراہوں پر بیٹھنے والی کہہ کران کی توہین کر رہے ہیں۔ جمہوری نظام میں عوام کے منتخب وزیر اعلیٰ کا ایسا بیان بی جے پی کے سیاسی معیار کو ظاہر کرتا ہے۔

وہیں ڈاکٹر امبیڈکر راشٹریہ ایکتا منچ کے صدر بھون ناتھ پاسوان نے خواتین کی حمایت کرتے ہوئے کہا کہ آئین کے بنیادی جذبہ کے خلاف لایا گیا یہ قانون ہندوستان کی یکجہتی اور بھائی چارے پر بڑا حملہ ہے۔ ملک کے عوام اسے قطعی برداشت نہیں کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ آئندہ ۹؍فروری کو تحریک میں دلت سماج کی عورتیں بڑی تعداد میں شامل ہوکر تحریک چلا رہی عورتوں کو اپنی حمایت دیں گی۔

Also read

LEAVE A REPLY

Please enter your comment!
Please enter your name here