نئی دہلی، 12 مارچ : بیرون ملک خام تیل کی قیمتوں میں اضافے کے باوجود گھریلو پٹرول اور ڈیزل کی قیمتیں آج لگاتار 13 ویں روز مستحکم رہیں۔
تیل پیدا کرنے والے ممالک کی تنظیم اوپیک کی جانب سے گذشتہ روز جاری کی گئی رپورٹ کے مطابق ممبر ممالک نے رواں سال فروری میں یومیہ کی بنیاد پر 6.5 لاکھ بیرل خام تیل کی پیداوار میں کمی کی۔ اس رپورٹ کے بعد بیرون ملک کی منڈیوں میں خام تیل کی قیمتوں میں تیزی آئی اور لندن برینٹ خام تیل 69 ڈالر فی بیرل کی سطح کو عبور کر گیا۔
قومی دارالحکومت دہلی میں فی الحال قیمت 91.17 روپے فی لیٹر اور ڈیزل 81.47 روپے فی لیٹر ہے۔ ان دونوں کی قیمتوں میں 27 فروری کو بالترتیب 24 پیسے اور 15 پیسے فی لیٹر اضافہ کیا گیا تھا اور کم و بیش یہی دونوں قیمتیں ملک بھر میں ریکارڈ سطح پر ہیں۔
آئل مارکیٹنگ کی سرکاری کمپنی انڈین آئل کارپوریشن کے مطابق آج بھی ان دونوں ایندھنوں کی قیمتیں مستحکم ہیں۔
تجزیہ کاروں کا کہنا ہے کہ پانچ ریاستوں میں اسمبلی انتخابات کے پیش نظر پٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں کوئی تبدیلی نہیں کی جارہی ہے۔