اردو اکادمی، دہلی کی جانب سے نو منتخب گورننگ کونسل کے وائس چیئرمین حاجی تاج محمد اور ممبران کو استقبالیہ- Urdu Academy, Delhi welcomes Haji Taj Muhammad, Vice Chairman of the newly elected Governing Council and members

0
620

 

Urdu Academy, Delhi welcomes Haji Taj Muhammad, Vice Chairman of the newly elected Governing Council and members

نئی دہلی: آج اردو اکادمی کے قمررئیس سلور جبلی آڈیٹوریم میں اکادمی کی گورننگ کونسل کے نو منتخب وائس چیئرمین حاجی تاج محمد اور ممبران کے لیے استقبالیہ جلسہ کا اہتمام کیا گیا، جس میں مہمانِ خصوصی کی حیثیت سے وزیر برائے خوراک و رسد، حکومتِ دہلی جناب عمران حسین اور دہلی اقلیتی کمیشن کے چیئرمین جناب ذاکر خان نے شرکت کی۔ سکریٹری اردو اکادمی، دہلی جناب محمد احسن عابد نے وائس چیئرمین حاجی تاج محمد کا پھول پیش کرکے استقبال کیا۔ اپنے استقبالیہ کلمات میں سکریٹری اکادمی نے وائس چیئرمین حاجی تاج محمد اور گورننگ کونسل کے ممبران کا استقبال کیا اور کہاکہ ہمارے لیے خوشی کا مقام ہے کہ اکادمی کے چیئرمین اور نائب وزیر اعلیٰ دہلی جناب منیش سسودیا نے بروقت اکادمی کی گورننگ کونسل کی تشکیل جدید کردی ہے، کیوں کہ پچھلی کونسل کی مدتِ کار ختم ہوگئی تھی۔ اکادمی کے جو بھی کام ہوتے ہیں وہ گورننگ کونسل کے ممبران کے مشورے سے ہی انجام دیے جاتے ہیں ۔اس وقت ہماری گورننگ کونسل میں برخلاف پچھلی کورننگ کونسل کے وائس چیئرمین حاجی تاج محمد صاحب عوامی زندگی سے تعلق رکھتے ہیں،آپ میونسپل کارپوریشن کے ممبر رہے ہیں، اسی کے مد نظر نائب وزیر اعلیٰ نے آپ کا انتخاب اردو اکادمی کے وائس چیئرمین کے طور پر کیا ہے کیوں کہ اردو کا تعلق بھی عوامی زندگی سے براہِ راست جڑا ہوا ہے۔ ہم امید کرتے ہیں کہ اردو اکادمی، دہلی آپ کی رہنمائی میں دن دوگنی رات چوگنی ترقی کرے گی اور اردو ادب کی ترقی کے لیے جو کام ہونا چاہیے چاہے وہ کتابوں کی اشاعت کا کام ہو، یا شعرا یا ادبا کی حوصلہ افزائی کا کام ہو یاطلبا کو اسکالرشپ دینے کا کام ہو، یا سمینار و مشاعرے ہوں یا دیگر اکیڈمک کام ہو بخوبی انجام دیے جائیں گے۔ نو منتخب ممبران کورننگ کونسل کا تعلق بھی مختلف شعبۂ حیات سے ہے جو ہر طرح کا تجربہ رکھتے ہیں، ہم امید کرتے ہیں کہ ممبران کے مشورے بھی اکادمی کے لیے مفید ہوںگے اور اکادمی اپنے کام کو بخوبی انجام دے گی۔ میں دل کی عمیق گہرائیوں سے آپ تمام ممبران کا استقبال کرتا ہوں اور مبارکباد پیش کرتا ہوں۔ میں ذاکر صاحب کا بھی بے حد شکر گزارہوں کہ آپ نے اپنا قیمتی وقت نکال کر حاجی تاجد محمد صاحب کو مبارکباد دینے کے لیے یہاں تشریف لائے، آپ کی سرپرستی ہمیشہ ہمیں حاصل رہی ہے، آپ کی تشریف آوری ہمارے لیے خوش آئند بات ہے۔
وزیر برائے خوراک و رسد جناب عمران حسین نے اظہارِ خیال کرتے ہوئے کہا کہ وزیراعلیٰ جناب اروند کیجریوال اور نائب وزیر اعلیٰ جناب منیش سسودیا اردو کے کاز کے لیے ہمہ وقت تیار رہتے ہیں۔ اسی کے پیش نظر انھوں نے اردو اکادمی کی گورننگ کونسل کے لیے وائس چیئرمین کی ذمہ داری حاجی تاج محمد کے سپرد کی ہے۔ حاجی تاج محمد عوامی آدمی ہیں اور عوام کی خدمت کے لیے ہمہ وقت تیار رہتے ہیں مجھے امید ہے کہ ان کی رہنمائی میں اردو اکادمی مزید ترقی کرے گی۔ اس کونسل کے ممبران میں زیادہ تعداد نوجوانوں کی ہے جن کا تعلق الگ الگ شعبوں سے ہے ،مجھے امید ہے کہ اردو کے فروغ کے لیے ان ممبران کی تجاویز بارآور ہوںگی۔
وائس چیئرمین اکادمی جناب حاجی تاجد محمد سے اظہارِ خیال کرتے ہوئے اکادمی کے چیئرمین و نائب وزیر اعلیٰ، حکومتِ دہلی منیش سسودیا کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ انھوں نے مجھے جو ذمہ داری دی ہے میں کوشش کروںگا کہ پوری ایمانداری سے انجام دوں۔ میری کوشش ہوگی کہ جن اسکولوں میں اردو یا اردو استاد نہیں ہیں وہاں ان کا انتظام کرائوں۔ اردو زبان و ادب کے چلن کے جو بھی کچھ ہوسکتا ہے میں پوری ایمانداری سے کرنے کی کوشش کروںگا۔
سکریٹری اکادمی اور وائس چیئرمین کے ہاتھوں ممبران کو گلدستہ پیش کیا گیا۔ ممبران نے اپنا مختصر تعارف کرایااور اردو و ادب کے فروغ کے لیے کام کرنے کا وعدہ کیا۔ جن ممبران نے اس استقبالیہ پروگرام میں شرکت کی ان میں جناب سلیم چودھری، جناب سلیم صدیقی، محترمہ رخسانہ خان، جناب جاوید رحمانی، جناب عبدالماجد نظامی، جناب وسیم الزماں اسرار قریشی، محترمہ شبانہ بانو، جناب محمد شکیل، محترمہ رخشی حسن، جناب محمود خان، محترمہ نکہت پروین، محمد مستقیم خان، ڈاکٹر عظیم اللہ شمسی، جناب منے خاں، جناب رفعت زیدی، جناب محمد نفیس منصوری، جناب شیخ فاروقی زماں(جاوید)، جناب محمد شاداب کے اسمائے گرامی شامل ہیں۔ اس پروگرام میں جناب فاروق ارگلی، جناب ایم۔ آر۔ قاسمی، ڈاکٹر پرویز میاں، سید منصور آغا،ممبر حج کمیٹی محمد شاداب وغیرہ بطور خاص شریک رہے۔
پروگرا م کی نظامت کے فرائض اکادمی کے سابق اسسٹنٹ سکریٹری جناب مستحسن احمد نے بحسن و خوبی انجام دیے۔

تصویر میں دائیس سے جناب محمد احسن عابد، جناب عمران حسین اور حاجی تاج محمد
ممبران گورننگ کونسل کے ساتھ جناب محمد احسن عابد، جناب عمران حسین اور حاجی تاج محمد۔
محمد ہارون
اسسٹنٹ پبلی کیشن آفیسر

Also read

LEAVE A REPLY

Please enter your comment!
Please enter your name here