نئی دہلی: ہندوستانی مرد ہاکی ٹیم کے کپتان منپریت سنگھ اور خواتین ٹیم کی کپتان رانی کا کہنا ہے کہ اولمپکس میں اب 200 دن باقی ہیں اور یہ 200 دن ہمارے لئے بہت اہم ہیں۔
اولمپکس کا انعقاد 2020 میں ہونا تھا لیکن کورونا وائرس کی وجہ سے اسے 2021 تک کے لئے ملتوی کردیا گیا تھا۔ اس سال جولائی اگست میں ٹوکیو اولمپکس کا انعقاد کیا جائے گا۔
منپریت نے کہا ، ” اس سال اولمپک کھیلوں میں بہت سارے چیلنجز ہیں اور ہمیں اس کے لئے ذہنی طور پر تیار رہنا ہوگا۔کچھ غیر یقینی صورتحال کا سامنا ہے لیکن ہمیں صرف اس بات کی فکر کرنی ہوگی کہ ہمارے کنٹرول میں کیا ہے اور اپنی بہترین کارکردگی کے لئے محنت کرنی ہے۔انہوں نے کہا ، “اگلے 200 دن ہمارے لئے بہت اہم ہیں۔ ٹوکیو میں میڈل جیتنے کے لئے ، ٹیم کے ہر کھلاڑی کو اپنی تربیت اور مقابلے میں 100فیصدی کارکردگی کا مظاہرہ کرنا ہوگا۔
راجیو گاندھی کھیل رتن ایوارڈ یافتہ رانی نے کہا ، “گزشتہ قومی کیمپ جو چار ماہ تک چلا اس میں ہم نے اپنی پرانی فارم حاصل کرنے کے لئے کافی محنت کی۔ اگلے چند مہینوں میں ہم اپنے کھیل کے تمام پہلوؤں کو بہتر بنانے پر توجہ دیں گے۔ اس سال کے مقابلے سے ہمیں پتہ چلے گا کہ ہم کہا کھڑے ہیں اور ہمیں کس شعبہ میں بہتری لانے کی ضرورت ہے۔ یہاں سے ہم سب کو اپنا بہترین کرنے کے لئے سخت محنت کرنی ہوگی۔ ہمیں ہر میچ اور ہر سیشن میں خود کو ثابت کرنا ہوگا جس سے ہم ٹیم میں اپنی جگہ یقینی بناسکے۔ ہمارے پاس ٹیم میں بہت سے اچھے نوجوان کھلاڑی ہیں جو میرے خیال میں ٹیم میں جگہ بنائیں گے۔ ہمیں اپنی ذہنی فٹنس پر بھی توجہ دینی ہوگی اور چوٹ سے بچنا ہوگا۔