نئی دہلی: کانگریس کے سابق صدر راہل گاندھی اور جنرل سکریٹری پرینکا گاندھی نے کہا ہے کہ ملک کے نوجوان حکومت سے روزگار طلب کر رہے ہیں لیکن حکومت کی طرف سے انہیں ذلت اور بے روزگاری دی جارہی ہے۔
مسٹر راہل گاندھی اور محترمہ پرینکا گاندی نے جمعہ کے روز ‘طلبہ چاہتے ہیں نوکریاں’ مہم کے دوران حکومت کی سخت نکتہ چینی کرتے ہوئے کہا کہ ملک کے جن نوجوانوں کو ہر سال دو کروڑ نوکریاں دینے کا وعدہ کیا گیا تھا، ان کے خوابوں کو کچلا جارہا ہے۔
سوشل میڈیا پر ‘اسٹوڈنٹ مانگے نوکری’ مہم کے ایک حصے کے طور پر مسٹر راہل گاندھی نے ٹویٹ میں لکھا کہ “لیکن حکومت طلبہ کو دے رہی ہے پولس کے ڈنڈے، واٹر گن کی بوچھار، ملک دشمن ہونے کا ٹیگ اور بے روزگاری”۔
محترمہ پرینکا گاندھی نے کہا کہ برسراقتدار آنے سے قبل بھارتیہ جنتا پارٹی نے ملک میں ہر سال دو کروڑ نوجوانوں کو روزگار فراہم کرنے کا وعدہ کیا تھا لیکن آج روزگار کی صورتحال یہ ہے کہ بے روزگاری گزشتہ 45 برسوں کی بلند ترین سطح پر ہے، 28 لاکھ سرکاری عہدے خالی ہیں، بھرتی، امتحان، نتائج اور تقرری کا کوئی نام و نشان نہیں ہے۔
اترپردیش کی انچارج کانگریس جنرل سکریٹری نے اس سے قبل ریاست کی یوگی حکومت پر حملہ کرتے ہوئے کہا کہ “اشتہار بازی کی حکومت، جھوٹ کا پروپیگنڈہ ، ٹویٹر پر نوکری بانٹنے والی حکومت نے نوجوانوں کو درکنار کردیا ۔ یوگی جی، یہ عوام سب کچھ جانتے ہیں۔ اترپردیش کے نوجوانوں سے 70 لاکھ نوکریوں کا وعدہ کیا گیا تھا لیکن لاکھوں اسامیاں خالی پڑی ہیں۔ بھرتی، نتائج اور تقرری کا انتظار کرتے کرتے نوجوان پریشان ہوچکے ہیں”۔
یو این آئی۔ م ش۔ 1640
ملازمت مانگنے والے نوجوانوں کو حکومت بے روزگاری دے رہی ہے: راہل-پرینکا گاندھی- The government is giving unemployment to the job-seeking youth: Rahul-Priyanka Gandhi
Also read