” خاندان” اللہ کی نعمت- The “family” is a blessing from God

0
268

family" is a blessing from God

حناخان (آکولہ)
انسان کو اللہ رب العالمین نے ایک ایسی مخلوق بنائی ہے کہ وہ اکیلا زندگی نہیں گزارسکتا اسے لوگوں کی اور انکی مدد کی ہمہ وقت ضرورت رہتی ہے – اسی لیے اللہ نے اسے خاندان سے جوڑا, جس میں والدین چاچا چاچی, دادا دادی, پھوپھا پھوپھی جیسے کئی رشتے شامل ہیں , جو اس کی نشوونما میں اہم کردار ادا کرتے ہیں.
اگر خاندان کی افادیت پر نظر ڈالی جائے تو اندازہ ہوگا کہ خاندان اللہ رب العالمین کی عطا کردہ کتنی عظیم نعمت ہے…..
*بچوں کی بہتر پرورش :
دو لوگ ازدواجی زندگی سے منسلک ہوتے ہیں اور ایک نئی نسل کو جنم دیتے ہیں اور اگر وہ خاندان سے منسلک ہو, انفرادی زندگی گزارنے کی بجائے اجتماعی طور پر زندگی گزارتے ہو تو خاندان میں وہ اپنے بچوں کی بہتر نشوونما کرسکتے ہیں, بچہ کو گھر کے ہر فرد سے روشناس ہونے کا اور ان کا پیار پانے کا موقع ملتا ہے – اسی طرح بچے اپنے دادا دادی سے لطف اندوز ہوتے ہیں اور ان سے اخلاقی اقدار بھی سیکھ سکتے ہیں جو کہ ان کی آئندہ زندگی کےلیے سود مند ثابت ہوتے ہیں.
ذمہ داریوں کی تقسیم :
جب انسان ایک خاندان میں پرورش پاتا ہے, خاندان سے منسلک ہوکر زندگی گزارتا ہے تو پھر اس پر تمام ذمہ داریوں کا بوجھ نہیں آجاتا بلکہ خاندان کے لوگوں میں ذمہ داریاں تقسیم ہوجاتی ہیں. گھر میں رہ رہے ہر فرد پر الگ الگ قسم کی ذمہ داریاں بانٹ دی جاتی ہیں مثلاً کسی خاندان میں اگر چار بھائی مل کر رہتے ہیں تو چاروں پر معاشی ذمہ داریاں عائد ہوجاتی ہیں کہ ایک فلاں کام کرےگا اور دوسرا فلاں. اسی طرح خواتین کے لیے گھر کے کاموں کی تقسیم ہوجاتی ہے.
*کمزور فرد کی مدد :
خاندان میں اگر 6 یا 7 افراد ایک ساتھ رہتے ہو اور ان میں سے کوئی ایک فرد ایسا ہو جو معاشی طور سے کمزور ہو تو خاندان کے باقیہ افراد اس کا خرچ مل کر برداشت کرلیتے ہیں جس کی وجہ سے اس کی پریشانیاں حل ہوجاتی ہیں.
*خوشی و غم میں شرکت :
انسان پانی کا بلبلہ ہے کب کیا ہوجائے بتا نہیں سکتے اور پھر ہر انسان کے ساتھ خوشی و غم جڑے ہوئے ہیں.دنیا کا کوئی انسان ایسا نہیں ہے جس کے ساتھ خوشی کی کوئی گھڑی یا غم کی کوئ ساعت نہ ہو… انسان کی خوشی میں اگر خاندان شامل ہو تو اس کی خوشی دوبالا ہوجاتی ہیں اسی طرح اگر غم میں بھی شریک ہوتو بہت حد تک غم ہلکا ہوجاتا ہے… کسی پر کوئی آفت آجائے, کچھ حادثہ ہوجائے تو خاندان والوں کا ساتھ اس کے لیے سہارے کا کام کرتا ہے اور اس کی خود اعتمادی میں بھی اضافہ کا سبب بنتا ہے…..
* آپسی رشتوں کی مضبوطی:
خاندان میں جب چند افراد مل جل کر رہتے ہیں تو وہ ایک دوسرے سے اچھی طرح واقف ہوجاتے ہیں . ایک دوسرے کی کمزوریاں, مجبوریاں وہ سمجھ جائے, ایک دوسرے کا ساتھ دے تو اس سے ان کا آپسی رشتہ بھی مضبوط بنتا ہے, جو کہ بہتر خاندان کی بنیاد بنتا ہے…
*بہتر معاشرہ کی تشکیل :
جب خاندان کے تمام افراد مل کر خاندان کو مضبوط بنائے گے تو یقیناً اس سے ایک بہتر معاشرہ کی بھی تشکیل ہوگی- جو ملک و قوم کی ترقی کے لیے فائدہ مند ثابت ہوگی ..
یقیناً خاندان اللہ رب العالمین کی عطا کردہ ایک بہت بڑی نعمت ہے, لیکن یہ انسانوں پر ہی منحصر کرتا ہے کہ وہ اللہ کی نعمتوں کا کس طرح شکر ادا کرتا ہے اور کس طرح ان نعمتوں کی حفاظت کرتا ہے. اور پھر موجودہ وقت کے اس پر فتن دور میں تو ایک مضبوط خاندان کی اشد ضرورت ہے جو کہ ایک بہترین معاشرہ کو تشکیل دیں…. اگر خاندان کے ہر فرد نے خاندان کی حفاظت کا اور اسے مضبوط بنانے کا ذمہ اپنے سر لے لیا تو کئی ٹوٹتے خاندان بکھرنے سے بچ جائے گے اور پھر وہ دن دور نہیں جب ہمارا معاشرہ ایک مضبوط معاشرہ کہلائے گا. انشا اللہ

Also read

LEAVE A REPLY

Please enter your comment!
Please enter your name here