کورونا کا شکار شہزادہ چارلس 5 دن بعد ہی قرنطینہ سے باہر آگئے

0
103

کورونا وائرس کا شکار ہونے والے 71 سالہ شہزادہ چارلس محض 5 دن بعد ہی قرنطینہ سے باہر آگئے، وہ گزشتہ ہفتے 25 مارچ کو وبا سے متاثر ہوئے تھے۔شہزادہ چارلس ملکہ برطانیہ کے بیٹے اور وہ شہزادہ ولیم اور شہزادہ ہیری کے والد ہیں، بادشاہت کے تخت پر بیٹھنے کے حوالے سے ملکہ برطانیہ کے بعد ان کا نمبر ہے۔

71 سالہ شہزادہ چارلس نے حفاظتی انتظامات کے پیش نظر کورونا کی تشخیص سے قبل ہی خود کو اہلیہ سمیت قرنطینہ میں منتقل کردیا تھا اور وہ لندن کے شاہی محل سے نکل کر اسکاٹ لینڈ چلے گئے تھے، جہاں انہوں نے ٹیسٹ کروایا جو مثبت آیا۔

شہزادہ چارلس میں 25 مارچ کو کورونا کی تشخیص کی تصدیق کی گئی تھی اور اسی دن ان کی اہلیہ 78 سالہ شہزادی کمیلا کا ٹیسٹ منفی آیا تھا۔

کورونا کا ٹیسٹ مثبت آنے کے بعد شہزادے نے خود سخت قرنطینہ کرلیا تھا تاہم اب خبر سامنے آئی ہے کہ وہ محض 5 دن بعد ہی قرنطینہ سے باہر آگئے۔

برطانوی نشریاتی ادارے بی بی سی نے شاہی محل کے نمائندے کا حوالہ دیتے ہوئے بتایا کہ شہزادہ چارلس 30 مارچ کی دوپہر کو قرنطینہ سے باہر آگئے اور مجموعی طور پر وہ ایک ہفتے تک قرنطینہ میں رہے۔

عام طور پر کورونا وائرس کے مریض کو طبی ماہرین 2 ہفتوں تک قرنطینہ میں رہنے کی ہدایت کرتے ہیں تاہم بعض مریضوں میں کورونا کی علامات انتہائی کم ہونے کی وجہ سے انہیں پہلے بھی گھر جانے کی اجازت دی جا سکتی ہے۔

شاہی محل کے نمائندے کا کہنا تھا کہ شہزادہ چارلس ڈاکٹروں کے مشورے سے ہی قرنطینہ سے باہر آئے اور ان میں کورونا کی اتنی شدید علامات نہیں تھیں تاہم وہ اب بھی گھر تک ہی محدود رہیں گے۔

شاہی ترجمان کا کہنا تھا کہ شہزادہ چارلس قرنطینہ سے نکلنے کے بعد بھی احتیاط برتیں گے اور ماہرین صحت کی ہدایات پر عمل کریں گے۔

ملکہ برطانیہ اور ان کے شوہر فلپ میں بھی تاحال کورونا کی علامات نہیں پائی گئیں—فائل فوٹو: اے ایف پی

Also read

LEAVE A REPLY

Please enter your comment!
Please enter your name here