”نسخے“ حصول شہرت کے

0
60
معز ہاشمیؔ

آں میاں عمر میں ہم سے کچھ نکلتے ہوئے ہیں شاید دو یا تین گرہنوں کا فاصلہ ہی رہا ہوگا خدا تمہیں نیکی دے شاید وہ سورج گہن کے وقت کُرہّ ارض پر نمودار ہوئے تھے اور ہم چند سالوں بعد مکمل چاند گہن کے وقت اس دُنیائے فانی میں قدم رنجہ ہوئے اس طرح خسوف و کسوف کے وقت کی پیدائشوں نے ہمیں ایک دوسرے سے قریب کردیا چونکہ آں میاں عمر میں بڑے تھے اسی لیئے ہم اُن کی بزرگی کا ادب و احترام کرتے ان کے ہر حکم پر سر تسلیم خم کرتے اور حتی الامکان ان کی بزرگانہ نصیحتوں پر عمل پیرا ہوتے ۔
ایک دن ہم بے ادبی کے مرتکب ہوگئے زبان سے شہرت کی بلندیوں کو چھونے والی بات نکل گئی بس پھر کیا تھا ایک ماہر استاد کی طرح شہرت حاصل کرنے کے نت نئے طریقوں سے ہمیں روشناس کروایا، شہرت کے رموز و اسرار پر سیر حاصل تبصرہ فرمایا اپنے تجربات اور مشاہدات کی روشنی میں ہمیں منزل شہرت کی نشاندہی کی اتنا ہی نہیں حصول شہرت کے مدارج طے کرنے کا آسان نسخہ بھی تجویز کیا ۔ آں میاں کا ارشاد تھا کہ اس کے لیئے بڑے پاپڑ بیلنے پڑتے ہیں اگر آپ نے شعبہ تعلیم میں کوئی تیر بھی نہ مارا اور کسی فن میں آپ نابلد ہے تو افسوس نہیں کرنا چاہیئے یہ وجوہات آپ کے حصول شہرت میں رخنہ نہیں ڈال پائیگی اہل خانہ بھی آپ کو نظر انداز کرتے ہیں اور آپ کو کوئی اہمیت نہیں دیتے یعنی گھر کی مُرغی دال برابر والا معاملہ ہے تو بھی ان باتوں سے دل برداشتہ ہونے کی چنداں ضرورت نہیں اپنے قائدین کو نظر میں رکھتے ہوئے شہرت و کامیابی کی سیڑھی پر اپنا پہلا قدم جس طرح آرم اسٹرانگ نے چاند کی سرزمین پر رکھا تھا اسی طرح رکھیں ۔ مُحلے کے ہر چھوٹے بڑے کو عزّت دیں بے جا و بے موقع سلام و کلام سے دوستی کی راہ ہموار کریں اور مقصد عظیم کی خاطر ہر ایک سے حسن و سلوک کیساتھ مصافحہ کریں لاڈ و پیار کے انداز میں گلے پڑنے کی مقدور بھر کوشش کریں اسی انداز میں جیسے رہنما و لیڈر ہاتھ جوڑ کر ووٹ کی مانگ کرتا ہے اور عام آدمی کو یہ باور کراتا ہے کہ وہ کتنی عظیم شخصیت ہے اس کی اس نیچ حرکت سے آپ کی عزت بڑھ جائیگی اس طرح کی حرکت سے ہوسکتا ہے وہ آپ کو چائے کی پیشکش کرے یہاں انکار نہیں کرنا چاہیے بلکہ اسے اپنے مقصد کے حصول میں ذرائع غیر مترقبہ جان کر خندہ پیشانی سے نہ صرف قبول و منظور کرنا چاہیئے بلکہ اس کو اس احسان عظیم کرنے پر کلمات تشکر بھی اس کی خدمت میں پیش کرنا چاہیئے اس طرح آپ کی شہرت گلی سے دبے قدموں نکل کر سارے محلے میں گشت کریگی ۔
دوسری سیڑھی پر قدم رکھنے سے پہلے بے غیرتی کا موروثی لبادہ زیب تن کرلیں اور اسی لباس میں مّحلے کی منعقدہ ہر چھوٹی بڑی تقریب میں بن بُلائے مہمان کی طرح ایسی شرکت کریں گویا آپ خود میزبان ہوں ۔ مشکل سے مشکل صورت حال میں بھی اپنے اعصاب پر پوری قدرت رکھیں چہرے پر معصومیت کا فیشیل کرلیں اور اسی کے ساتھ اپنی شرافت کو قطرہ قطرہ ٹپکاتے ہوئے اپنی چال میں تبدیلی لائیں اور پروقار انداز میں آہستہ آہستہ قدم اٹھائیں ایسا احساس ہوکہ آپ گارڈ آف آنر کا معائینہ کررہے ہیں اور وہ چار لوگ جو باضابطہ دعوتی ہیں آپ کو راستہ دیں یہاں یہ بات ذہن نشین کرلیں کہ وہ صرف اور صرف دعوت نان قلیہ میں بن بلائے اپنی شرکت درج کروائیں بریانی یا دوسری اغذیہ کے لیے جان جوکھم میں نہ ڈالیں آپ کی غرض نان قلیہ ہے اور اسے کھانا آپ کا مقصد ہے اسی نصب العین کے تحت جائز و ناجائز کو حاشیہ پر چھوڑنا ہی آپ کی عقلمندی ہے اس طرح آپ اپنی شخصیت میں اعتماد پیدا کرسکیں گے ۔ اپنا سر اٹھا کر چلئیے نہ کہ سر جھکا کر ہر چیز کے بارے میں مثبت نقطہ نظر رکھیں اور بھر پور خود اعتمادی کے ساتھ دستر خوان تک رسائی حاصل کرلیں اس نازک موڑ پر آپ کو حوصلہ دکھانے کا موقع فراہم ہوگا یقین محکم کے ساتھ اپنے لیئے مناسب جگہ بناکر طعام ماحضر کا لطف اٹھائیں ایک بھی نوالہ بزدلی کا نوش نہ فرمائیں آپ کی ذراسی غفلت بن دعوتی کے منصب سے نوازیں جانے کا سبب بن سکتی ہے دستر خوان پر وقفہ وقفہ سے گرم قلیہ اوار نان کی فرمائش کرتے رہیں سربراہی کرنے والوں میں اگر کوئی آپ کا شناسا چہرہ نظر آئے تو باآواز بلند اس کا نام لے کر اُسے اپنی طرف متوجہ کرنے کی کوشش کریں اس سے صفوں میں کھلبلی مچ جائیگی اور “اٹھتی ہے ہر نگاہ” والا نظارہ دکھائی دینگا۔ اس کے ساتھ ساتھ میزبان کا آپ سے دیرینہ مراسم کا علم تمام اگلی پچھلی صفوں کو ہوجائیگا دوسرے حسرت و پاس کی تصویر بنیں اپنے سامنے رکھیں کٹوروں اور نچ بستہ نان کو دیکھ کر اپنے عمل ہضم کو یہ حالت مجبوری پائیہ تکمیل تک پہنچانے کی ناکام کوشش کریں گے یہاں آپ کو دریا دلی دکھلانے کا ایک نادر موقع مل سکتا ہے اپنے سامنے لحم سے لبریز گرم قلیہ جو آپ کو تواضع کے لیئے رکھا ہے اپنے ہمسایہ کی طرف سرکا نیکی کما سکتے ہیں اس طرز عمل سے وہ ممنون و مشکور ہوکر آپ پر احسان مندانہ نظر ڈالتے ہوئے اپنے بقیہ اورس پر اپنی توجہ مرکوز کرے گا یہی وہ موقع ہے جہاں آپ بن بلائے ہاتھ دھلائے والے محاورے سے نکل کر آزادی کے ساتھ اپنی منزل تک پہنچ سکتے ہیں اسی خود اعتمادی اور حوصلہ مندی کے ساتھ آپ محلے سے نکل کر شہر خجستہ بنیاد کی بڑی بڑی تقریبات میں بن بلائے اپنی شرکت درج کرواسکتے ہیں اگر خدانخواستہ کہیں آپ کی چھٹی حس آفت بلائے نا گہانی کی طرف اشارہ کرتی دکھائی دے تو بیس ہوجائیں یہاں پر بھی اپنی جگہ بنانے کے عمل کو بروئے کار لائیں طعام گاہ کے راہ میں کسی کو اپنا ہمراہی بنالیں اور سلسلہ تقریب کے متعلق تمام تفصیلی معلومات کاندھے پر بے تکلفانہ ہاتھ رکھتے ہوئے حاصل کرلیں۔ یہاں ہار حتی الامکان پوشیدہ رکھنے کی کوشش کریں کہیں ایسا نہ ہو کہ آپ طعام ولیمہ کے مغالطے میں چہلم کے کھانے کی طرف قدم بڑھا رہے ہوں اور ازراہ اشتیاق نوشہ کے بارے میں دریافت کر بیٹھنے پر جو جواب آپ کو ملے گا اس پر قطعی عمل نہ کریں امکانات اور اندیشوں پر غور و فکر کریں کہیں جواب میں آپ سے کہا جائیگا کہ نوشہ تو اوپر گئے ہیں جاکر بلا لائیں۔ ایسی تقریبات میں دہلیز پار کرنے سے قبل سعد و نحس تواریخ پر نظر ضرور ڈالیں ورنہ اس مقام پر آپ کا بھانڈا پھوٹنے کی نوبت آسکتی ہے اس کے لیئے حادثات و خدشات سے محفوظ رہنے کے لیئے دافع نحوست سیارہ گان کے عمل کا ورد کرتے رہیں یہاں بھی خود اعتمادی کا مظاہرہ بہت ضروری ہے خاموشی سے اپنے فعل کو انجام دے کر دبے پاؤں وہاں سے نکلنے میں ہی عافیت ہے ہر اچھی بُری تقریب میں آپ کی موجودگی شہرت و مقبولیت کا سبب بن جائیگی اس طریقہ کار سے ہینگ اور پھٹکری کا بے جا استعمال بھی نہیں ہوگا اور رنگ چوکھا بھی آجائیگا لوگ تو جھوٹی شہرت کے لیئے نا جائز کمائی سے اپنے گرد چمچوں کا میلہ لگا لیتے ہیں لیکن بن دعوتی ایک انفرادی عمل ہے اور وہی شہرت کی بلندیوں پر پہنچ سکتا ہے جس میں کود اعتمادی کے ساتھ حوصلہ ہو۔
ایک اور خاص بات نوٹ کرلیں کہ لوگ انسان کی شخصیت کا اندازہ اس کے لباس سے لگاتے ہیں آپ کا ظاہری رکھ رکھاؤ آپ کے بارے میں بہت کچھ بتاتا ہے ایسے موقعوں کے لیئے ڈھنگ گت کے ملبوسات کا استعمال کریں ہلکا سا اسپرے آپ کی شخصیت کو ابھارے گا اور آپ میں خود اعتمادی صاف جھلکے گی۔۔اس کے ساتھ ساتھ ان نصیحتوں اور نیک مشوروں پر قطعی عمل نہ کریں کیونکہ آج کل بڑھتی ہوئی طالب شہرت کی دہشت گردانہ حرکتوں کو قید کرنے کے لیئے شادی خانوں کو سی سی ٹی وی کیمروں کی نگرانی میں رکھا جارہا ہے۔ اس لیئے احتیاط شرط ہے۔
9372696300

Also read

LEAVE A REPLY

Please enter your comment!
Please enter your name here