میلبورن: ہندوستانی کرکٹ کنٹرول بورڈ (بی سی سی آئی) نے زخمی تیز گیند بازوں امیش یادو اور محمد سمیع کی جگہ بالترتیب بائیں ہاتھ کے تیز گیند باز ٹی نٹراجن اور شاردل ٹھاکر کو آسٹریلیا کے خلاف سڈنی میں ساتھ جنوری سے ہونے والے تیسرے کرکٹ ٹسٹ کے لئے ٹیم انڈیا میں شامل کیا ہے سمیع ایڈیلیڈ میں ہوئے پہلے دن رات ٹسٹ میں پیٹ کمنس کی باؤنسر پر اپنا بازو زخمی کرا بیٹھے جبکہ امیش میلبورن میں دوسرے باکسنگ ڈے ٹسٹ میں دوسری اننگز میں اپنا چوتھا اوور ڈالنے کے دوران اپنی پنڈلی زخمی کر بیٹھے تھے۔ سمیع پہلے ٹسٹ کے بعد اور امیش دوسرے ٹسٹ کے بعد سیریز سے باہر ہوگئے اور اب دونوں تیز گیند باز وطن واپس آکر بینگلور واقع قومی کرکٹ اکیڈمی (این سی اے) میں ریہیبلی ٹیشن سے گزریں گے۔
بارڈر۔ گاوسکر ٹرافی کے لئے چار ٹیسٹ میچوں کی سیریز فی الحال 1-1 سے برابر ہے اور سیریز کا تیسرا ٹیسٹ 7 جنوری سے سڈنی میں کھیلا جانا ہے۔
نٹراجن اور ٹھاکر دونوں تیز گیند باز اس دورے میں ہندوستانی ٹیم کے ساتھ نیٹ گیند باز کے طور پر شامل تھے۔ نٹراجن نے ابھی تک ہندوستان کے لئے کوئی ٹسٹ میچ نہیں کھیلا ہے جبکہ ٹھاکر ہندوستان کے لئے ایک ٹسٹ میچ کھیل چکے ہیں۔ ٹسٹ ٹیم میں نو دیپ سینی کے طور پر ایک دیگر تیز گیند باز موجود ہے۔ یہ دیکھنا دلچسپ ہوگا کہ ٹیم منیجمنٹ سڈنی ٹسٹ میں جسپریت بمراہ کے ساتھی تیز گیند باز کے طورپر سینی، نٹراجن اور ٹھاکر میں سے کن دو تیز گیند بازوں کو موقع دیتا ہے۔