دختر رسول (س) کی شہادت پر ایران اور عالم اسلام سوگوار

0
205

صدیقۂ کبریٰ، دختر مصطفیٰ (ص)، ہمسر مرتضیٰ (ع)، حضرت فاطمہ زہرا سلام اللہ علیھا ۲۰جمادی الثانی بعثت کے پانچویں برس مکہ مکرمہ میں اس دنیا میں تشریف لائیں اور سرکار دوعالم کی آغوش میں پرورش پائی اور اعلی الہی تعلیمات کی حامل بنیں اور ۳ جمادی الثانی ۱۱ ہجری قمری کو صرف اٹھارہ سال کی عمر میں آپ نے شہادت پائی۔

شہزادی کونین حضرت فاطمہ زہرا سلام اللہ علیہا کے یوم شہادت کی مناسبت سے پورے اسلامی جمہوریہ ایران میں مجالس عزا کا سلسلہ شروع ہوگیا ہے اورمنگل کی رات یعنی شب شہادت سے ہی ایران کی فضا سوگوار و عزادار ہے۔

ایران کے سبھی چھوٹے بڑے شہروں میں ایام فاطمیہ اور شہزادی کونین حضرت فاطمہ زہرا سلام اللہ علیھا کے یوم شہادت کی مناسبت سے مساجد و عزاخانوں میں مجالس عزا برپا ہورہی ہیں۔

 

شہزادی کونین حضرت فاطمہ زہرا سلام اللہ علیھا کی شہادت کے موقع پر مشہد اور قم کے مقدس روضوں اور اسی طرح مساجد اور امام بارگاہوں کو سیاہ پوش کردیا گیا ہے۔

پاکستان، ہندوستان، عراق اور لبنان سمیت دنیا کے مختلف ملکوں میں ایام فاطمیہ کی مجالس جاری رہیں اور ذاکرین اہلبیت عصمت و طہارت صدیقہ طاہرہ حضرت فاطمہ سلام اللہ علیھا کے فضائل و مصائب بیان کررہے ہیں۔ اس موقع پر عراق کے سبھی مقدس شہروں نجف اشرف ، کربلائے معلی ، کاظمین اور سامرا میں زائرین و سوگواروں کی بڑی تعداد موجود ہے اور دختر رسول حضرت زہرا (س) کی مصیبتوں پر ماتم کررہی ہے۔

تہران کے حسینہ امام خمینی (رہ) میں بھی رہبر انقلاب اسلامی آیت اللہ العظمیٰ سید علی خامنہ ای کی جانب سے خمسۂ مجالس کا سلسلہ جاری ہے جہاں ہر شب نماز مغربین کے بعد ملک کے معروف خطبا اور نوحہ خواں ذکر آل اللہ سے ہزاروں سوگواروں کو فیضیاب کرتے ہیں۔

سحر عالمی نیٹ ورک غم و اندوہ کے اس موقع پراپنے تمام سامعین، ناظرین اور خاندان عصمت و نبوت کے چاہنے والوں کی خدمت میں تعزیت و تسلیت پیش کرتا ہے۔

Also read

LEAVE A REPLY

Please enter your comment!
Please enter your name here