بی جے پی کی حکومت بنانے کا فیصلہ اجیت پوار کا نجی فیصلہ، این سی پی شامل نہیں: شرد پوار

0
503

ممبئی۔ نیشنلسٹ کانگریس پارٹی (این سی پی) کے سربراہ شرد پوار نے کہا ہے کہ بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) کی حکومت بنانے کا فیصلہ ان کا نہیں اجیت پوار کا ہے۔

پوار نے سنیچر کے روز ٹوئیٹ کرکے کہا کہ اس فیصلے سے میرا کوئی تعلق نہیں ہے، یہ اجیت پوار کا فیصلہ ہے۔

قابل ذکر ہے کہ مہاراشٹر میں مسلسل دوسری مرتبہ سنیچر کو وزیر اعلی کے عہدے کا حلف لینے والے دویندر فڑنويس کی قیادت والی حکومت میں اجیت پوار نے نائب وزیر اعلی کے عہدے کا حلف لیا ہے۔ دوسری جانب فڑنویس نے کہا کہ ان کے پاس اکثریت کے لئے مکمل حمایت ہے اور اسی کی بنیاد پر گورنر بھگت سنگھ کوشیاری نے انہیں حلف دلایا ہے۔ انہوں نے حلف لینے کے بعد نامہ نگاروں سے کہا کہ ان کے پاس مکمل حمایت ہے اور ان کی حکومت پانچ برسوں تک چلے گی۔

ریاست میں اسمبلی انتخابات کے بعد گزشتہ کئی دنوں سے حکومت کی تشکیل کے پیش نظر چل رہے تعطل کے درمیان جمعہ کی رات شیو سینا کی قیادت میں کانگریس اور این سی پی کی مخلوط حکومت بننے کی قیاس آرائیاں بڑھ گئی تھیں لیکن سنیچر کی صبح صورتحال نے اچانک ڈرامائی موڑ لے لیا۔

مہاراشٹر میں 21 اکتوبر کو اسمبلی انتخابات ہوئے تھے اور نتائج کا اعلان 24 اکتوبر کو ہوا تھا۔ 288 رکنی اسمبلی میں بی جے پی کو سب سے زیادہ 105، شیوسینا کو 56، این سی پی کو 54 اور کانگریس کو 44 سیٹیں حاصل ہوئیں تھیں۔ بی جے پی اور شیوسینا اور کانگریس اور این سی پی اتحادی کے طور پر انتخابی میدان میں اترے تھے۔ بی جے پی اور شیو سینا کے اتحاد کو مکمل اکثریت ملنے کے باوجود حکومت کا قیام عمل میں نہیں آپایا تھا۔ شیوسینا نے وزیر اعلی کے عہدے کا دعوی پیش کر دیا تھا جسے بی جے پی نے قبول نہیں کیا۔ کئی دنوں تک تعطل برقرار رہنے کی وجہ سے گورنر بھگت سنگھ کوشیاری کی سفارش پر 12 نومبر کو صدر راج نافذ کردیا گیا تھا۔

Also read

LEAVE A REPLY

Please enter your comment!
Please enter your name here