Friday, May 3, 2024
spot_img
HomeMarqueeمہاراشٹر: ممبران اسمبلی نے حلف لیا ، سپریہ نے اجیت کو گلے...

مہاراشٹر: ممبران اسمبلی نے حلف لیا ، سپریہ نے اجیت کو گلے لگایا

ممبئی، 27 نومبر (یواین آئی) مہاراشٹر میں سیاسی ہنگامے کے درمیان بدھ کے روز اسمبلی کا خصوصی اجلاس شروع ہوا جس میں سابق وزیراعلیٰ دیویندر فڈنویس سمیت متعدد نو منتخب ارکان اسمبلی نے حلف لیا اور اس دوران نیشنلسٹ کانگریس پارٹی (این سی پی) کے باغی ارکان بھی حلف لینے پہنچے۔

این سی پی کے سربراہ شرد پوار کی بیٹی اور رکن پارلیمنٹ سپریہ سولے اجیت پاور سے گلے ملیں اور پیر چھوکر ان کا آشرواد لیا۔

پروٹیم اسپیکر کالیداس کولمبکر نے صبح آٹھ بجے سےاراکین اسمبلی کو حلف دلانا شروع کیا۔ تقریب کا آغاز ہوتے ہی دیویندر فڑنویس ، اشوک چوہان اور اجیت پوار نے اسمبلی کی رکنیت کا حلف لیا۔ اس کے ساتھ ہی دیگر ارکان اسمبلی نے بھی حلف لیا۔

اس دوران ، حلف برداری کے لئے اسمبلی پہنچے این سی پی کے سینئر رہنما اجیت پوار کا محترمہ سولے نے پرتپاک استقبال کیا۔ محترمہ سولے نے اس دوران مسٹر اجیت کو گلے لگایا اور کہا ، ’’خاندان میں ان بن ہوسکتی ہے لیکن علیحدگی نہیں۔ ہم دونوں کی بات کی جائےتو وہ میرے بھائی ہیں اور ہمارے درمیان کبھی تنازعہ نہیں ہوا ہے۔‘‘

اسمبلی پہنچے سابق وزیر اعلی دیویندر فڑنویس کا بھی محترمہ سولے نے استقبال کیا اور ان سے مصافحہ کیا۔ دریں اثنا ، بالا صاحب تھوراٹ نے اسمبلی کے باہر کہا کہ نائب وزیر اعلی کا عہدہ کس کو دیا جائے گا ، اس کا فیصلہ ابھی نہیں کیا گیا ہے۔

واضح رہے کہ مسٹر اجیت پوار مسٹر شرد پوار کے بھتیجے ہیں اور اس طرح مسٹر اجیت اور محترمہ سولے چچازاد بھائی بہن ہیں۔

RELATED ARTICLES

LEAVE A REPLY

Please enter your comment!
Please enter your name here

- Advertisment -spot_img
- Advertisment -spot_img
- Advertisment -spot_img
- Advertisment -spot_img

Most Popular