لتیہار ، 12 جون : جھارکھنڈ کے ضلع لتیہار کے گارو پولیس تھانہ علاقے میں ہفتے کے روز پولیس اور کالعدم ماؤنواز تنظیم کمیونسٹ پارٹی آف انڈیا (ماؤ نواز) کے نکسلیوں کے مابین ایک جھڑپ میں ایک نکسلی مارا گیا۔
پلامو ریجن کے ڈپٹی انسپکٹر جنرل (ڈی آئی جی) راجکمار لکڑا نے یہاں بتایا کہ اس جھڑپ میں ایک نکسل کے ہلاک ہونے کی اطلاع موصول ہوئی ہے ۔ جائے وقوعہ کے لئے ہیڈ کوارٹر سے اضافی نفری روانہ کردی گئی ہے۔
اس دوران پولیس ذرائع نے یہاں بتایا کہ نکسلیوں کے خلاف علاقے میں چھاپے مارنے کے لئے 203 کوبرا بٹالین ، 214 بٹالین سنٹرل ریزرو پولیس فورس (سی آر پی ایف) اور جھارکھنڈ جیگوار کی جانب سے مہم چلائی جا رہی ہے ۔
دریں اثنا کوکو پیری جنگل میں سیکیورٹی فورسز کے جوان آگے بڑھ رہے تھے ، تبھی چھوٹو کھروار کے دستہ کے ارکان نے فائرنگ شروع کردی ۔ جوابی کارروائی میں سیکیورٹی فورس کے اہلکاروں نے فائرنگ شروع کردی ۔ تقریباََ ایک گھنٹے تک وقفے وقفے سے جاری فائرنگ کے بعد ایک نکسلی مارا گیا جبکہ دیگر جنگلات کا فائدہ اٹھا کر فرار ہوگئے ۔موقع سے سکیورٹی فورسز کے جوانوں نے چارہتھیار سمیت متعدد سامان برآمد کیا ۔