سپاہ پاسداران انقلاب اسلامی نے خلیج فارس میں ہر قسم کی مہم پسندی کے نتائج کی طرف سے امریکا کو خبردار کیا ہے۔مغربی ایشیا میں امریکا کے پانچویں بحری بیڑے اور بعض امریکی حکام نے گزشتہ دنوں دعوی کیا کہ بارہ اپریل کو سپاہ پاسداران انقلاب اسلامی کی بارہ جنگی کشتیوں نے شمالی خلیج فارس میں امریکی جنگی بحری جہازوں کے راستے میں رکاوٹیں ڈالیں۔
اس بیان میں دعوی کیا گیا کہ سپاہ پاسداران کی جنگی کشتیاں بڑی تیز رفتاری کے ساتھ، بہت قریب سے امریکی جنگی جہازوں کے سامنے سے گزری ہیں۔
سپاہ پاسداران انقلاب کے شعبہ تعلقات عامہ نے اتوار کو ایک بیان جاری کر کے، دہشت گرد امریکی فوجیوں کی ہالی وڈ اسٹائل کی اس داستان کے بارے میں کہا ہے کہ امریکی بحریہ نے چھے اور سات اپریل کو، خلیج فارس میں ابتدائی انتباہات کو نظر انداز کرتے ہوئے، انتہائی خطرناک اور غیر پیشہ ورانہ طریقے سے ایرانی کشتیوں کا راستہ روکا لیکن پھر سامنے سے ہٹنے پر مجبور ہو گئی۔
اس بیان میں کہا گیا ہے کہ سپاہ پاسداران انقلاب کے بحری یونٹ نے دہشت گرد امریکی بحریہ کے غیر قانونی اقدامات اور مہم پسندی کو لگام دینے، ایرانی جہاز رانی کی سلامتی کے استحکام اور ایندھن کی اسمگلنگ کی روک تھام کی غرض سے خلیج فارس میں اپنی سمندری حدود میں گشت کی کارروائیاں بڑھا دی ہیں۔
سپاہ پاسداران انقلاب اسلامی نے بتایا ہے کہ اس سلسلے میں، بحری جنگی مشقوں کے علاقے کے اندر، نشانے بازی کا اعلان کئے جانے کے بعد پندرہ اپریل کو گیارہ جنگی کشتیاں اس علاقے کی جانب روانہ ہوئیں تو ان کا سامنا امریکی جنگی بحری جہازں سے ہوا۔ پاسداران انقلاب اسلامی کے بیان میں کہا گیا ہے کہ خلیج فارس کے اندر نشانے بازی کی مشق کا علاقہ نقشے پر پہلے سے ہی معین ہے۔
بیان میں کہا گیا ہے کہ امریکی دہشت گردوں نے انتباہات پر کوئی توجہ نہیں دی اور غیر پیشہ ورانہ اشتعال انگیز اقدامات انجام دیئے جس پر ایران کی جنگی کشتیوں نے استقامت سے کام لیا اور سر انجام امریکی جنگی بیڑا اور جنگی جہاز پاسداران انقلاب کی کشتیوں کے راستے سے ہٹنے پر مجبور ہوگئے۔
سپاہ پاسداران انقلاب کے بیان میں امریکیوں کو خبردار کیا گیا ہے کہ خلیج فارس اور بحیرہ عمان میں بین الاقوامی قوانین اور جہاز رانی کے اصولوں کی پابندی کریں ۔ بیان میں کہا گیا ہے کہ امریکی دہشت گردوں کو معلوم ہونا چاہئے کہ سپاہ پاسداران انقلاب اسلامی، اس علاقے میں بیرونی طاقتوں کے خطرناک اور اشتعال انگیز اقدامات کو ایران کی قومی سلامتی کے لئے خطرہ سمجھتی ہے جنہیں وہ کسی بھی حال میں نظر انداز نہیں کرسکتی اور غلط اندازوں پر مبنی امریکہ کے ہر اقدام کا دنداں شکن جواب دے گی۔
سپاہ پاسداران انقلاب اسلامی نے اپنے بیان میں اعلان کیا ہے کہ اس خطے میں امریکی دہشت گردوں کی غیر قانونی موجودگی، شر پسندی اور بد امنی کی بنیاد ہے اور مغربی ایشیا سے امریکی فوجیوں کا انخلا اس خطے میں پائیدار سلامتی اور استحکام کے قیام کا واحد راستہ ہے۔