بھارت میں ان دنوں جہاں پے در پے نوجوان اور کم سن لڑکیوں کے ’گینگ ریپ‘ اور بیہمانہ قتل کے واقعات پیش آ رہے ہیں اور پورے ملک میں مظاہرے جاری ہیں۔
ایسے میں ایک نوجوان اور نئے فلم ساز نے حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ ’ریپ‘ کو قانونی قرار دے۔
ساتھ ہی فلم ساز نے لڑکیوں کو مشورہ دیا ہے کہ وہ اپنے ساتھ ’کنڈوم‘ کی بہت بڑی تعداد رکھیں اور ’ریپ‘ کرنے والے افراد کے ساتھ تعاون کریں۔
بھارتی اخبار ’انڈیا ٹوڈے‘ کے مطابق نئے فلم ساز ڈینیئل شرون نے اپنی فیس بک پوسٹس میں حکومت سے متنازع مطالبے کرنے سمیت خواتین اور خاص طور پر نوجوان لڑکیوں کو بھی انتہائی نامناسب مشورے دیے۔
رپورٹ کے مطابق ڈینیئل شرون نے بھارت میں بڑھتے ریپ واقعات کے بعد اپنی فیس بک پوسٹ میں حکومت سے مطالبہ کیا کہ ’ریپ‘ کے بعد لڑکیوں کے بیہمانہ قتل کے واقعات کو روکنے کے لیے ’ریپ‘ کو قانونی قرار دیا جائے۔
ڈینیئل شرون نے دلیل دی کہ ’ریپ‘ کو قانونی قرار دیے جانے کے بعد لڑکیوں کو قتل نہیں کیا جائے گا۔
ساتھ ہی ان کا کہنا تھا کہ قتل ایک بڑا جرم اور گنا ہے جب کہ ’ریپ‘ ایک چھوٹا اور قابل اصلاح جرم ہے۔
فلم ساز نے اپنی پوسٹ میں کم سن اور خاص طور پر نوجوان لڑکیوں کو تجویز دی کہ وہ اپنے ساتھ ’کنڈوم‘ رکھیں اور ’ریپ‘ کیے جانے کے وقت مرد حضرات سے تعاون کریں، تاکہ انہیں قتل نہ کیا جائے۔
ڈینیئل شرون نے ’ریپ‘ کرنے والے افراد کی حمایت میں یہ بھی لکھا کہ وہ صرف جنسی بھوک کا شکار ہوتے ہیں اور وہ جنسی فعل کے خواہاں ہوتے ہیں، جس وجہ سے وہ لڑکیوں کا ’ریپ‘ کرنے پر مجبور ہوجاتے ہیں اور بعد ازاں جرم سے بچنے کے لیے لڑکیوں کا قتل کر دیتے ہیں۔
ان کے مطابق اگر ’ریپ‘ کو قانونی قرار دیا جائے گا تو مرد کسی بھی بڑے جرم کے بغیر صرف ’ریپ‘ کریں گے اور لڑکیاں بھی بیہمانہ قتل ہونے سے بچ جائیں گی۔
انڈیا ٹوڈے کے مطابق فلم ساز کی جانب سے متنازع پوسٹ کیے جانے کے بعد ان پر تنقید کی گئی اور ان کی گرفتاری کا مطالبہ کیا گیا۔
بھارت بھر میں لوگوں نے فلم ساز کے خلاف سوشل میڈیا پر مہم چلائی اور ٹوئٹر پر انہیں گرفتار کرنے کا ٹرینڈ بھی ٹاپ لسٹ میں آگیا۔
لوگوں کی شدید تنقید کے بعد ڈینیئل شرون نے اپنی فیس بک پوسٹس ڈیلیٹ کردیں، تاہم انہوں نے اپنے مشوروں اور مطالبوں پر تاحال وضاحت نہیں کی اور نہ ہی انہوں نے معافی مانگی ہے۔
Also read