پٹنہ، 19 اپریل : بہار کے سابق وزیر اور جنتا دل یونائیٹڈ (جے ڈی یو) کے تاراپور سے ایم ایل اے میوالال چودھری کا آج صبح کورونا انفیکشن کے باعث انتقال ہوگیا۔ وہ 68 برس کے تھے۔
کنبے کے ذرائع نے آج یہاں بتایا کہ مسٹر چودھری تین دن پہلے ہی کورونا مثبت ہوئے تھے۔ سانس لینے میں دشواری کے بعد انہیں پٹنہ کے پارس اسپتال میں داخل کرایا گیا تھا۔ تاہم ان کی صحت میں بہتری نہیں آ رہی تھی۔ علاج کے دوران پیر کی صبح ان کا انتقال ہوگیا۔
واضح رہے کہ مسٹر میوالال چودھری ، جنوری 4 جنوری 1953 کو بہار کے ضلع منگیر میں پیدا ہوئے ، انہوں نے زرعی علوم میں پوسٹ گریجویٹ کی ڈگری اور پی ایچ ڈی کی ڈگری حاصل کی۔ وہ راجندر زرعی یونیورسٹی ، پوسا ، سمستی پور اور بہار زرعی یونیورسٹی ، سبور ، بھاگل پور کے وائس چانسلر تھے۔ وہ بہار میں زرعی ترقی کے لئے روڈ میپ کے مسودہ کمیٹی کے ممبر بھی تھے۔