لکھنؤ: دو ماہ ۸ دن نواسہ رسول حضرت امام حسین کا غم منانےکےبعد جمعرات ۹ ربیع الاول کو شیعہ فرقہ نے عید زہرا منا کر خوشی منائی۔ اس موقع پر شیعہ فرقہ کے لوگوں نے نئےرنگین کپڑے پہنے اور جگہ جگہ محافل کا انعقادکر کے عید زہرا کا جشن مناکر ایک دوسرے کو عید زہراکی مبارک باد دی۔اس دوران لوگوں نے اپنے گھروں میں محافل کا اہتمام کیا اور ایک دوسرے کو عید زہرا کی مبارک باد دی۔ وہیں حضرت گنج واقع امام باڑہ شاہ نجف میں عید زہرا کی خوشی میں خدیجہ ٹریڈ فیئر کا انعقادکیا گیا۔
عیدزہراکے موقع پر جمعرات کو پرانے لکھنؤ میں صبح سے ہی گھروں میں رونق نظرآئی۔ خصوصاً خواتین نے اپنے سوگ کے کپڑے کی جگہ رنگین کپڑے اور سہاگ کی نشانی پہنی۔ گھروں میں کئی طرح کے پکوان بنائے گئے جن پر نذر مولیٰ ہوئی۔ واضح رہے کہ محرم کا چاند نظر آتے ہی شیعہ فرقہ کے لوگوں نے سیاہ لباس زیب تن کر لئے تھے۔اس دوران کسی نے کوئی خوشی نہیں منائی۔
لوگوںنے عید زہراکی خوشی میں اپنے گھروںپر سرخ رنگ کے پرچم لگائے اور آتش بازی کی۔ حضرت امام حسین اور ان کے ساتھیوں کی شہادت کے بعد ان کے بیمار فرزند چوتھے امام حضرت زین العابدین اور بہن جناب زینب کے چہروںپر آج کے دن مسکراہٹ آئی تھی۔
پرانے شہر کے حسن پوریہ، کشمیری محلہ، رستم نگر، کاظمین، نور باڑی، میدان ایل ایچ خاں، توپ دروازہ، شرغہ پارک، ٹاپے والی گلی، مولیٰ نگری، حسین آباد، وزیر گنج، گولہ گنج، سرفراز گنج، بنیاد باغ، رئیس منزل، شریف منزل، جناب والی گلی، شیش محل، انگوری باغ، درگاہ روڈ، مفتی گنج، مصاحب گنج اور نیپیئر روڈ میں لوگ سرخ وپیلے رنگ کے لباس پہنے جشن مناتے ہوئے نظرآئے۔
lشاہ نجف لان میں خدیجہ ٹریڈ فیئرکاانعقاد
عیدزہراکی خوشی کے موقع پر حضرت گنج واقع امام باڑہ شاہ نجف کے لان میں حسینی ویلفیئر سوسائٹی کی جانب سے پانچویں خدیجہ ٹریڈ فیئر کاانعقادکیا گیا ۔ ٹریڈ فیئر کا آغاز مولانا ارشد حسین موسوی نے نذر دے کر کیا۔ ادارہ کے صدر ڈاکٹر ایس ایم کامل رضوی نے بتایا کہ سال ۲۰۱۵ء سے ہر سال اس میلہ کا انعقادکیاجاتاہے۔ فیئر میں بڑی تعداد میں لوگ شامل رہتے ہیں۔
lفوڈ اسٹالوں اور کڈس زون میں رہا ہجوم
خدیجہ ٹریڈ فیئر میں اس سال 80 سے زیادہ اسٹال لگائے گئے ہیں۔ ان میں سب سے زیادہ اسٹا ل کھان- پان کے ہیں۔ اس کے علاوہ بچوں کیلئے کڈس زون بنایا گیا جہاں طرح طرح کے جھولے لگائے گئے تھے۔ اسٹالوں میں لیڈیز سوٹ، کپڑے، گفٹ آئٹم، سجاوٹ کے سامان سمیت دیگر اسٹال بھی ہیں۔ پروگرام میں مجلس علمائے ہند کے جنرل سکریٹری و امام جمعہ مولانا سید کلب جواد نقوی نے ٹریڈ فیئر کی میگزین بزم خدیجہ کا اجراء کیا۔
lہونہار طلباو طالبات ہوئے اعزاز سے سرفراز
ادارہ کی جانب سے درجہ دس اور بارہ میں ۹۵ فیصد سے زائد نمبر حاصل کرنے والے ہونہار طلبا اور طالبات کے ساتھ ہی سماج کے مختلف شعبوں میں بہتر خدمات انجام دینے والی چھ شخصیات کو یادگاری نشان اور سند دے کر سرفرازکیا گیا۔ دن میں گیارہ بجے شروع ہوئے ٹریڈ فیئر کے دوران علما نے تقریریں بھی کیں۔ وہیں سماج کا وقار بڑھانے والے کئی دیگر لوگوںکو بھی سرفرازکیا گیا۔ اس کے علاوہ حسینی بلڈ ڈونر کلب کے تحت خون عطیہ کرنے والوںکو بھی سرفرازکیا گیا۔
Also read