شاہجہاں پور، 20 ستمبر (یواین آئی) سابق مرکزی وزیر اور بھارتیہ جنتا پارٹی کے سینئر رہنما سوامی چنمیانند ، جن پر قانون کی طالبہ کے ساتھ عصمت دری کرنے کا الزام ہے ، کو آج 14 دن کی عدالتی تحویل میں بھیج دیا گیا ہے۔
پولیس نے آج صبح انہیں گرفتار کیا۔ انھیں چیف جوڈیشل مجسٹریٹ کی عدالت میں پیش کیا گیا جہاں سے انھیں 14 دن کی عدالتی تحویل میں بھیج دیا گیا۔ جیل میں ان کے ساتھ تفتیشی ایجنسی ایس آئی ٹی کے لوگ بھی تھے جو انہیں چھوڑ کر واپس آگئے۔
جیل جانے سے قبل ان کا میڈیکل بھی کرایا گیا۔ متاثرہ طالبہ نے چار دن قبل مجسٹریٹ کے سامنے دفعہ 164 کے تحت اپنا قلم بند بیان درج کرایا تھا، جس میں اس نے چنمیانند پر کئی بار عصمت دری کرنے اور نہاتے وقت اس کے ویڈیو بنانے کا الزام لگایا تھا۔
طالبہ نے اپنے الزام میں 59 ثبوت پیش کیے تھے جس میں 40 سے زیادہ ثبوت ایک پین ڈرائیو میں تھے۔ طالبہ کا بیان آنے کے بعد سے ہی چنمیانند پر گرفتاری کی تلوار لٹک رہی تھی۔ بیان دینےکے دن سے ہی سوامی کی طبیعت خراب ہوگئی۔
کل شام ڈاکٹروں نے انہیں سنجے گاندھی انسٹی ٹیوٹ آف میڈیکل سائنسز ، لکھنؤ بھیجنے کے لئے کہاتھا ، لیکن وہ اپنے آشرم میں بنی رہائش گاہ پر آگئے تھے۔
Also read