دسمبر 2019 میں 18 سال کی عمر کو پہنچنے والی امریکی پاپ گلوکارہ بلی آئلش نے ایک اور ریکارڈ اپنے نام کرتے ہوئے تاریخ رقم کردی۔
بلی آئلش کو یہ اعزاز حاصل ہے کہ وہ امریکی پاپ میوزک انڈسٹری کی وہ پہلی گلوکارہ ہیں جو سال 2000 کے بعد پیدا ہوئیں اور ان کا پہلا میوزک ایلبم ہی شاندار کامیابی سے ہمکنار ہوا۔
بلی آئلش کا پہلا گانا 2017 میں ریلیز ہوا تھا جو انتہائی کم وقت میں امریکا اور برطانیہ کے 15 مقبول گانوں میں شمار ہوا۔
امریکی پاپ گلوکارہ نے اپنا پہلا میوزک ایلبم ’وین وی آل فال اسلیپ، ویئر ڈو وئی گو‘ 2019 کے آغاز میں ریلیز ہوا تھا جو دیکھتے ہی دیکھتے امریکا اور یورپ میں بے حد مقبول ہوا۔
پہلے میوزک ایلبم کے ریلیز ہوتے ہی بلی آئلش کو میوزک کے سب سے معتبر ایوارڈز ’گریمی‘ کے لیے نامزد کیا گیا اور وہ پہلی اداکارہ بنیں جو 17 سال کی عمر میں مذکورہ ایوارڈ کے لیے نامزد ہوئیں۔
انہیں گریمی ایوارڈ کی بہترین نئی گلوکارہ اور بہترین ایلبم کے لیے نامزد کیا گیا۔
اسی طرح بلی آئلش کو کم عمر مقبول گلوکارہ سمیت انتہائی کم وقت میں میڈیا کی توجہ حاصل کرنے والی گلوکارہ بھی قرار دیا گیا تھا اور وہ اپنے 22 سالہ بھائی گلوکار فنیس او کنیل کے ساتھ کام کرتی دکھائی دیں۔
اور اب وہ شہرت یافتہ ہولی وڈ جاسوس برطانوی فلم ’جیمز بانڈ‘ کی اگلی فلم کے لیے گانا تیار کریں گی اور وہ شہرہ آفاق فلم کے لیے گانا تیار کرنے والی پہلی کم عمر گلوکارہ ہوں گی۔
خبر رساں ادارے ‘رائٹرز‘ کے مطابق بلی آئلش جیمز بانڈ کی 25 ویں فلم ’نو ٹائم ٹو ڈائے‘ کے لیے گانا تیار کریں گی اور وہ اس فلم کے لیے گانا تیار کرنے والی پہلی 18 سالہ گلوکارہ ہوں گی۔
Also read