عراق کے نئے وزیر اعظم نے اس ملک کی ابتر اقتصادی صورتحال اور بدعنوانی کی روک تھام کیلئے مظاہرہ کرنے والوں کی فوری رہائی کا حکم دے دیا ہے۔رپورٹ کے مطابق عراق کے نئے وزیر اعظم مصطفی الکاظمی نے مظاہرین کی رہائی کا حکم دینے کے ساتھ ساتھ انسداد دہشتگردی کے ادارے کے بر طرف ہونے والے سربراہ عبد الوهاب الساعدی کو ان کے عہدے پردوبارہ تعینات کرنے کے احکامات بھی جاری کئے۔
واضح رہے کہ ہفتے کے روز عراق کے نئے وزیر اعظم کی صدارت میں کابینہ کا پہلا اجلاس منعقد ہوا جس میں ریٹائر ہونے والے سرکاری ملازمین کی تنخواہوں کی ادائگی، 2020 کے بجٹ خسارے کو پورا کرنے کیلئے قرضے کے حصول، مقررہ وقت پرعام انتخابات کے انعقاد اور سیاسی جماعتوں کی سرگرمیوں کیلئے ضابطۂ اخلاق بنانے پر تبادلہ خیال ہوا۔
عراق کے نئے وزیراعظم مصطفی الکاظمی نے جمعرات کو پارلیمنٹ سے اعتماد کا ووٹ حاصل کیا اس طرح عراق میں گزشتہ 4 ماہ سے جاری سیاسی بحران ختم ہوا۔