ڈاکٹر رضیؔ امروہوی

اک تازہ خبر دیکھو اخبار میں آئی ہے
دربار میں بیگم کے شوہر کی دہائی ہے
میں بات بھی کرتا ہوں تو مجھ سے جھگڑتی ہے
اوروں پہ مگر اپنی تو جان چھڑکتی ہے
ہزبینڈ میں تیرا ہوں کیوں مجھ سے اکڑتی ہے
یہ بات سمجھ میں ترے اب تک نہیں آئی ہے
اک تازہ خبر دیکھو اخبار میں آئی ہے
دربار میں بیگم کے شوہر کی دہائی ہے
تم جاتی ہو جب میکے واپس نہیں آتی ہو
میں کہتا ہوں چلنے کومنہ کتنے بناتی ہو
گر کہتا ہوں گیارہ کو چھبیس کو آتی ہو
پھر مجھ سے ہی کہتی ہو کیوں بات بڑھائی ہے
اک تازہ خبر دیکھو اخبار میں آئی ہے
دربار میں بیگم کے شوہر کی دہائی ہے
قسمت کا مری بسکٹ کیسا یہ کرارا ہے
نہ کوئی لواری ہے نہ کوئی لوارا ہے
بے کیف بہاریں ہیں اس درد نے مارا ہے
شادی مری ابّا نے جو لیٹ کرائی ہے
اک تازہ خبر دیکھو اخبار میں آئی ہے
دربار میں بیگم کے شوہر کی دہائی ہے
سرکار نے ہم سب کو یہ بات بتائی ہے
بچے نہ کرو پیدا بس اس میں بھلائی ہے
انعام بھی رکھا ہے اور مفت دوائی ہے
اب تو اسی چکّر میں یہ ساری خدائی ہے
اک تازہ خبر دیکھو اخبار میں آئی ہے
دربار میں بیگم کے شوہر کی دہائی ہے
ویسے تو ہمیشہ ہی وہ مجھ سے اکڑتی ہے
جب غصے میں آتا ہوں کس طرح لرزتی ہے
اور سامنے سب کو تو وہ مجھ سے دبکتی ہے
لے جا کے وہ کمرے میں پھر کرتی پٹائی ہے
اک تازہ خبر دیکھو اخبار میں آئی ہے
دربار میں بیگم کے شوہر کی دہائی ہے
شیشے سے بھی نازک ہے یوں ناز اُٹھاتا ہوں
تم لوگ چھپاتے ہو میں سب کو بتاتا ہوں
ہے تجربہ میرا جو وہ تم کو سناتا ہوں
وہ بھی ڈرے بیوی سے غنڈوں کا جو بھائی ہے
اک تازہ خبر دیکھو اخبار میں آئی ہے
دربار میں بیگم کے شوہر کی دہائی ہے
تم پاس مرے آئو سینے پہ سلائوں گا
بانہوں میں تمھیں اپنی میں جھولا جھلائوں گا
کھاتا ہوں قسم ہرگز میں اب نہ ستائوں گا
من جائو مری اکڑو !کیوں بات بڑھائی ہے
اک تازہ خبر دیکھو اخبار میں آئی ہے
دربار میں بیگم کے شوہر کی دہائی ہے
ڈاکٹر رضیؔ امروہوی
بانی علامہ قیصر اکیڈمی ،علی گڑھ،
آباد مارکیٹ دودھ پور علی گڑھ،موبائل:9897601669





