نئی دہلی ،21 مئی : کووڈ۔ 19 وبا کے دوران ملک میں پٹرول اور ڈیزل کی کھپت میں کمی آئی ہے جبکہ ایل پی جی کی کھپت میں اضافہ ہوا ہے۔
مالی سال 2020-21 میں ملک میں پٹرول کی کھپت 280 لاکھ ٹن رہی۔ اس سے قبل مالی سال 2019۔20 میں 300 لاکھ ٹن پیٹرول فروخت ہوا تھا۔ اس طرح اس کی فروخت میں 6.67 فیصد کمی واقع ہوئی ہے۔ اس عرصے کے دوران ، پیداوار 386 لاکھ ٹن سے کم ہوکر 358 لاکھ ٹن ہوگئی۔
اسی طرح ڈیزل کی کھپت میں بھی 2019۔20 کے 8.26 کروڑ ٹن سے 10.99 فیصد کم ہوکر 7.27 کروڑ ٹن رہ گئی تھی۔ ایک سال قبل 11.11 کروڑ ٹن کے مقابلے میں ڈیزل کی پیداوار بھی 10.04 ملین ٹن رہی۔
ملک کی سب سے بڑی آئل مارکیٹنگ کمپنی انڈین آئل کارپوریشن کے چیئرمین ایم ایم ویدیہ نے کمپنی کے سہ ماہی نتائج کے اعلان کے دوران ،کہا کہ پٹرول اور ڈیزل کی طلب فی الحال عام دنوں کے مقابلے میں 15 سے 20 فیصد کم ہے۔ تاہم ، ایل پی جی کی طلب میں تقریبا پانچ فیصد اضافہ ہوا ہے۔
سرکاری اعداد و شمار کے مطابق ، گذشتہ مالی سال میں ایل پی جی کی کھپت 276 لاکھ ٹن تھی۔ یہ مالی سال 2019-20 کے 263 لاکھ ٹن سے 4.94فیصد زیادہ ہے۔ تاہم ، ایل پی جی کی پیداوار 128 لاکھ ٹن سے گھٹ کر 121 لاکھ ٹن ہوگئی۔ اس سے قبل ، مالی سال 2019۔20 میں ایل پی جی کی کھپت میں 5.62 فیصد اضافہ ہوا تھا۔
کووڈ ۔19 کی وجہ سے گذشتہ سال مارچ کے آخری ہفتے میں ملک گیر لاک ڈاؤن ہوا تھا۔ مئی سے آہستہ آہستہ ڈھیل دی گئی تھی ، لیکن وبائی امراض کی دوسری لہر ایک بار پھر متعدد ریاستوں میں مکمل یا جزوی طور پر لاک ڈاؤن کا سبب بنی ہے۔ اس سے پٹرول اور ڈیزل کی طلب متاثر ہورہی ہے۔
پروازوں پر پابندیوں کی وجہ سے ہوائی جہاز کے ایندھن کی مانگ شدید متاثر ہوئی ہے۔ مالی سال 2020-21 میں اس کی کھپت صرف 37 لاکھ ٹن تھی۔ ایک سال پہلے اس کی کھپت 80لاکھ ٹن تھی۔ اس طرح اس میں 53.75 فیصد کمی ریکارڈ کی گئی ہے۔