نئی دہلی 15 مئی : وزیراعظم نریندرمودی نے کورونا سے ہورہے نقصان پر اظہارافسوس کرتے ہوئے جمعہ کو کہا کہ ہندوستان اس کے خلاف ہمت نہیں ہارے گا، لڑے گااورجیتے گا۔
مسٹرمودی نے پردھان منتری کسان سمان ندھی یوجنا کی کسانوں کو آٹھویں قسط جاری کرنے کے بعد اپنے خطاب میں کہا، ’’ایک سوسال بعد شدید وبا آئی ہے جوہماراامتحان لے رہی ہے۔ یہ نادیدہ دشمن اور متعد شکل والی بھی ہے۔ بہت سے لوگوں نے اپنے عزیزوں کو کھویا ہے۔ گزشتہ کچھ وقت سے لوک تکلیف برداشت کررہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ سیکیورٹی فورسز اور سائنسدان کووڈ چیلنج کا مقابلہ کررہے ہیں۔ وسائل کے تعطل کو دورکیاجارہا ہے۔ فوج کے تمام حصے پوری قوت سے لگے ہیں اورکووڈ اسپتال اورآکسیجن پلانٹ قائم کئے جارہے ہیں۔ آکسیجن کی کمی کو دورکرنے کے لئے دوردراز کے علاقوں سے آکسیجن ریل چلائی جارہی ہے۔