نئی دہلی : ملک میں کورونا وائرس کے بڑھتے قہر کے پیش نظر سپریم کورٹ میں محدود سماعت کے فیصلے کے تحت پیر کو آدھی سے بھی کم بنچ بیٹھے گی ۔ سپریم کورٹ کی سرکاری ویب سائٹ کے مطابق پیر کو صرف چھ بنچ قائم کی گئی ہیں ۔ بالعموم عام ایام میں کم از کم 14 بینچ کام کرتی ہیں ۔
عدالت اعظمی ٰ کی جانب سے جاری سرکلر کے مطابق پیر کی سماعت کے لئے نظر ثانی کاز لسٹ آج شام جاری کی جائے گی، جبکہ 17، 18 اور 19 مارچ کی سماعت کے لئے بینچ اور معاملات کی نوٹیفکیشن بعد میں جاری کی جائے گی ۔
واضح ر ہے کہ کورونا وائرس کے بڑھتے قہر کے پیش نظر عدالت نے صرف انتہائی اہم معاملات کی ہی سماعت کا فیصلہ کیا ہے ۔سپریم کورٹ رجسٹرار جنرل کی جانب سے جمعہ کو جاری ایک نوٹیفکیشن میں اس سلسلے میں معلومات فراہم کی گئی ۔
نوٹیفکیشن کے مطابق عدالت اعظمیٰ میں پیر سے صرف انتہائی اہم معاملات کی سماعت کی جانی ہے اور ان معاملوں سے متعلق وکلاء اور فریقین کو ہی عدالت میں داخلے کی اجازت ہو گئی ۔ نوٹیفکیشن میں کہا گیا ہے کہ سپریم کورٹ نے صحت اور خاندانی بہبود کی وزارت کے گذشتہ پانچ مارچ کی صحت سے متعلق نوٹیفکیشن کے پیش نظر طبی ماہرین سے مشورہ کر کے یہ فیصلہ کیا ہے ۔
سپریم کورٹ اس مسئلے پر ہر ہفتے جائزہ لے گا اور اس کے مطابق نئی نوٹیفکیشن جاری کرے گا ۔ اس دوران فوری طورپر سماعت والے معاملات کا خصوصی ذکر مینشنگ آفیسر کے پاس کیا جائے گا ۔ نوٹیفکیشن میں وکلاء، فریقین اور میڈیا وغیرہ پر زور دیا گیا ہے کہ وہ ضرورت پڑنے پر ہی عدالت کا رخ کریں ۔
Also read