رشی کپور کے انتقال پر یاسر حسین کا نامناسب مذاق

0
157

پاکستان کے نامور اداکار یاسر حسین اپنے مزاحیہ انداز کی وجہ سے توجہ کا مرکز بنتے آرہے ہیں، وہ ماضی میں کئی بار مذاق میں ایسے متنازع اور نامناسب بیانات جاری کرچکے ہیں جس کے باعث انہیں تنقید کا نشانہ بنایا گیا جس کے بعد وہ سوشل میڈیا پر معافی مانگ لیتے ہیں تاہم ایسا لگتا ہے کہ یاسر حسین نے اپنی ان غلطیوں سے کچھ نہیں سیکھا۔

چند روز قبل بھارتی اداکار رشی کپور کے انتقال کی خبر نے دنیا بھر میں موجود ان کے مداحوں کو افسردہ کردیا تھا جس کے بعد سوشل میڈیا پر لوگوں نے اپنے دکھ کا اظہار کیا۔

اداکار یاسر حسین نے بھی اپنے سوشل میڈیا اکاؤنٹ پر رشی کپور کے لیے ایک پیغام جاری کیا اور اپنے دکھ کا اظہار کیا تھا۔

یہاں تک تو سب ٹھیک تھا، تاہم انہوں نے بعدازاں اپنے انسٹاگرام اکاؤنٹ پر نامناسب مذاق کرتے ہوئے اس حوالے سے ایک اسٹوری شیئر کی جس کی وجہ سے انہیں ٹوئٹر پر شدید تنقید کا نشانہ بنایا جارہا ہے۔

یاسر حسین نے اپنی اسٹوری میں لکھا کہ ’امر چلا گیا، اکبر چلا گیا، اب صرف اینتھونی باقی ہے، شاید وہ گانا گا رہا ہو، میرا نام اینتھونی گونیزلیس ہے اور میں دنیا میں اکیلا ہوں‘۔

اپنی اس اسٹوری میں یاسر حسین نے 1977 کی کامیاب بولی وڈ فلم ’امر اکبر اینتھونی‘ کا حوالہ دیا جبکہ اس کے گانے ’مائے نیم از اینتھونی‘ کا بھی ذکر کیا۔

اس فلم میں اداکار ونود کھنہ نے ’امر‘، رشی کپور نے ’اکبر‘ اور امیتابھ بچن نے ’اینتھونی‘ کا کردار نبھایا تھا۔

یاد رہے کہ ونود کھنہ کا 2017 میں 70 سال کی عمر میں انتقال ہوگیا تھا، وہ کینسر کے مرض میں مبتلا تھے۔

رشی کپور کا انتقال 30 اپریل 2020 کو ممبئی میں ہوا، انہیں سانس لینے میں تکلیف کی شکایت کے بعد ایک رات قبل ہسپتال میں داخل کیا گیا تھا۔

اسٹوری کے آخری میں یاسر حسین نے لکھا کہ ’مجھے اب امیتابھ بچن کی فکر ہورہی ہے‘۔

بعدازاں سوشل میڈیا پر انہیں صارفین کی جانب سے شدید تنقید کا نشانہ بنایا گیا۔

ثانیہ نامی صارف نے اپنی ٹوئٹ میں لکھا کہ ’یاسر حسین ایک بےحس انسان ہیں، موت ان کے لیے مذاق ہے، آپ مزاحیہ ہوں گے لیکن ہر بات کرنے کا ایک وقت اور جگہ دیکھی جاتی ہے‘۔

عالیہ نامی صارف کے مطابق ’یاسر حسین کو ایک کمرے میں بند کردینا چاہیے جہاں وہ سوشل میڈیا کا استعمال نہ کرسکیں، یہ شخص ہمیشہ یہ ثابت کرتا ہے کہ یہ کتنا بیکار ہے‘۔

خیال رہے کہ اس سے قبل بھی یاسر حسین اپنے اس قسم کے بیانات کے باعث کئی بار تنقید کی زد میں آچکے ہیں۔

2017 میں ہم ایوارڈز کی تقریب میں یاسر حسین میزبانی کررہے تھے، اس دوران اداکار احسن خان کو ان کے ڈرامے ‘اڈاری’ کے لیے بہترین اداکار کا ایوارڈ ملا، جس کے بعد یاسرحسین نے احسن کو اسٹیج پر آنے کی دعوت دی۔

احسن خان جب ہم ایوارڈز کے دوران اسٹیج پر اپنا ایوارڈ قبول کرنے کے لیے آئے تو یاسر حسین نے کہا کہ ’اتنا خوبصورت چائلڈ مولسٹر (بچوں کا جنسی استحصال کرنے والا)، کاش میں بھی بچہ ہوتا’۔

گزشتہ سال اداکارہ ہانیہ عامر کو ’دانے دار‘ کہنا بھی یاسر حسین کو مہنگا پڑ گیا تھا۔

Also read

LEAVE A REPLY

Please enter your comment!
Please enter your name here