بابائے قوم موہنداس کرم چند گاندھی کے امریکا میں لگے مجسمے کو بعض نامعلوم افراد نے توڑ دیا۔ غیر ملکی میڈیا کی رپورٹ کے مطابق مہاتما گاندھی کے اس مجسمے کو اس کی بنیاد سے ہی اکھاڑ کر اسے نیچے پھینک دیا۔
مذکورہ واقعہ امریکی ریاست کیلیفورنیا کے ایک شہر میں رونما ہوا ہے، جبکہ امریکا میں موجود بھارتیوں نے واقعے کی تحقیقات کا مطالبہ کیا ہے۔ مقامی میڈیا کی رپورٹ کے مطابق تقریباً 294 کلوگرام وزنی یہ پیتل کا مجسمہ شمالی کیلیفورنیا کے شہر ڈیوس میں نصب تھا۔ نامعلوم افراد نے اسے اس کی بنیاد سے ہی اکھاڑی کر نیچے گرادیا جبکہ مجسمے کا آدھا چہرہ بھی غائب تھا۔
ادھر پولیس حکام کا کہنا ہے کہ پارک کے ایک ملازم نے مہاتما گاندھی کے اس مجسمے کو 27 جنوری کی صبح زمین پر پڑا پایا۔ پولیس نے بتایا کہ اس مجسمے کو اپنی پرانی جگہ سے ہٹادیا گیا ہے اور اب اسے دوسری محفوظ جگہ پر لگایا جائے گا۔