لکھنؤ: کرشنا نگر پولیس نے اسمگلنگ کرکے لائے جارہے سونا و ۴۳لاکھ سے زائد کی نقد رقم سمیت دو اسمگلروںکو گرفتار کیا ہے۔ گرفتار کئے گئے دونوں نوجوان بس میں سوار ہوکر سونا کسی کو پہنچانے کیلئے نکلے تھے لیکن اس سے قبل ہی پولیس نے انہیں سونا اور نقد رقم کے ساتھ گرفتار کرلیا۔ پولیس پوچھ گچھ کرکے ان کے دیگر ساتھیوںکی تلاش میں مصروف ہے۔
ڈی سی پی وسطی دنیش سنگھ کے مطابق مخبر سے اطلاع ملی کہ دو شخص سونے کی کالا بازار ی کرنے کیلئے لکھنؤ آرہے ہیں۔ پولیس کی ٹیم حرکت میںآئی اور فوراً چوراہوں پر چیکنگ مہم شروع کردی۔ اسی درمیان ایک بس آتی دکھائی دی جس میں چیکنگ کے دوران دو لوگوںکو پولیس نے پکڑلیا۔ ان کے پاس سے پولیس نے کثیر مقدار میں سونا اور لاکھوں کی نقد رقم برآمد کی۔
پوچھ گچھ میںملزمین نے اپنا نام و پتہ اجودھیا کے رہنے والے انوپم شکلا اور ہریانہ کے رہنے والے پرمیش کمار بتایا ہے۔ گرفتار کئے گئے ملزمین نے بتایاکہ وہ دونوں گزشتہ کئی برسوں سے سونے کی کالا بازاری میںملوث ہیں۔ پولیس نے دونوں کے پاس سے ۶۴۲گرام سونا برآمد کیا ہے جس کی قیمت قریب۴۴ء۲۶ لاکھ روپئے بتائی جارہی ہے۔ ساتھ ہی اسمگلروںکے پاس سے ۴۳لاکھ ۲۸ہزار روپئے نقد برآمد ہوئے ہیں۔
پولیس کے مطابق سونے کے اس ناجائز کاروبار کے ذریعہ ٹیکس چوری کرکے حکومت کو نقصان پہنچایا جارہا تھا۔ سونے کی اس کالابازاری کے تار راجدھانی سمیت پورے اترپردیش میں پھیلے ہوئے ہیں۔
ملزم سونے کے بدلے نقد رقم لیتے تھے، اب پولیس حوالہ سمیت کئی دیگر پہلوؤں پر جانچ کررہی ہے۔ ساتھ ہی یہ بھی پتہ لگانے میں مصروف ہے کہ ان کے اس کاروبار میں ریاست کے کون کون بڑے تاجر شامل ہیں۔ اس کی اطلاع محکمہ انکم ٹیکس کو بھی دی گئی ہے۔
Also read