فلم ساز و پروڈیوسر بونی کپور کے گھر کے مزید دو ملازمین کا کورونا وائرس کا ٹیسٹ مثبت آگیا، اس سے قبل جھانوی کپور ایک ملازم کے کورونا ٹیسٹ کے مثبت آنے کی اطلاع دے چکی ہیں۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق دو روز قبل آنجہانی اداکارہ سری دیوی کے شوہر بونی کپور کے گھر کام کرنے والے 23 سالہ ملازم ’چارن ساہو‘ کا کوویڈ 19 (کورونا وائرس) کا ٹیسٹ مثبت آیا تھا، جس کے بعد انہوں نے کہا تھا کہ وہ، اُن کی دونوں بیٹیاں اور گھر کے تمام ملازمین احتیاطی تدابیر پر عمل کرتے ہوئے گھر میں موجود ہیں۔
اس حوالے سے بونی کپور کی بڑی صاحبزادی جھانوی کپور نے اپنے انسٹاگرام اکاؤنٹ پر ایک تصویر بھی شیئر کی تھی جس پر بونی کپور کی جانب سے پیغام لکھا ہوا تھا۔
انہوں نے اپنے پیغام میں لکھا تھا کہ میں آپ سب کو یہ بتانا چاہتا ہوں کہ ہمارے گھر کام کرنے والے 23 سالہ چارن ساہو کا کوویڈ 19 (کورونا وائرس) کا ٹیسٹ مثبت آیا ہے۔ چارن کی طبیعت ہفتے کی شام سے خراب تھی جس کے بعد اُسے آئیسولیشن میں بھیج دیا گیا تھا، ٹیسٹ کی رپورٹ آنے کے بعد معلوم ہوا کہ وہ کورونا وائرس کا شکار ہے، جس کے بعد اُسے فوری طور پر قرنطینہ سینٹر منتقل کیا گیا۔
انہوں نے مزید لکھا تھا کہ میں، میرے بچے اور گھر میں موجود دیگر کام کرنے والے افراد بالکل ٹھیک ہیں، ہم میں سے کسی کو بھی کورونا وائرس کی علامات ظاہر نہیں ہوئی ہیں۔ بونی کپور نے اپنے پیغام میں مہاشٹرا حکومت اور بی ایم سی کا شکریہ بھی ادا کیا تھا۔
واضح رہے کہ فلم ساز کے اس پیغام کے دو روز بعد ہی اُن کے گھر کے مزید دو ملازمین کا کورونا ٹیسٹ پازیٹو آگیا۔