نئی دہلی، 27 مئی ؛ شمالی اوروسطی ہندوستان میں زبردست گرمی اور لو کی وجہ سے زندگی بری طرح متاثر ہوئی ہے اور کچھ مقامات پر درجہ حرارت 50 ڈگری سیلسیس تک پہنچ گیا ہے۔اس درمیان جنوب۔مغربی مانسون خلیج بنگال میں آگے بڑھ رہا ہے جس سے تریپورہ میں مانسون سے پہلے بارش ہوئی ہے۔
قومی راجدھانی دہلی میں بدھ کوزیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 46 ڈگری سیلیس درج کیا گیا جو اس موسم کے اوسط درجہ حرارت سے چھ ڈگری زیادہ ہے۔
صفدرجنگ اور پالم میں زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت بالتریب 45.9 اور 47.2 سیلیس ریکارڈ کیا گیا۔ یہ کل کے درجہ حرارت سے معمولی کم ہے۔
ہندوستانی محکمہ موسمیات نے بتایا ہے کہ شمالی اور وسطی ہندوستان میں اگلے چوبیس گھنٹوں میں لو چلنے کا اندازہ ہے۔ 28مئی کو کہیں کہیں ہلکی بارش ہونے کے آثار ہیں جس سے کچھ راحت ملنے کی امید ہے۔
وادی کشمیر سے مل رہی رپورٹ کے مطابق وہاں دن میں اوسط درجہ حرارت کچھ زیادہ تھا لیکن شام کو بارش ہونے سے موسم خوشگوار ہوگیا ہے۔