امریکا میں ڈیلٹا ایئرلائن کا ایک مسافر بردار طیارہ ٹیک آف کے فوری بعد پرندوں کا غول ٹکرانے سے خوفناک حادثے سے بال بال بچ گیا جبکہ ایک انجن کو شدید نقصان پہنچنے کے باعث طیارے کو فوری طور پر واپس اتار لیا گیا۔
ایوی ایشن ذرائع کے مطابق یہ واقعہ امریکی ریاست یوٹاہ کے دارالحکومت اور سب سے زیادہ آبادی والے شہر سالٹ لیک سٹی میں پیش آیا۔
ذرائع کے مطابق ڈیلٹا ایئرلائن کی پرواز فلائٹ ڈی ایل 8944 نے سالٹ لیک سٹی سے امریکی شہر میمفس کے لیے مقامی وقت کے مطابق دوپہر ایک بج کر 16 منٹ پر ٹیک آف کیا ہی تھا کہ چند منٹ کے دوران پائلٹ نے کنٹرول ٹاور سے رابطہ کرکے طیارے کے بائیں جانب کے انجن میں شدید گڑ بڑ کی نشاندہی کی جس پر پائلٹ کو جہاز فوری طور پر واپس اتارنے کی ہدایت کی گئی، یوں یہ جہاز ٹیک آف کرنے کے 30 منٹ بعد اسی ایئرپورٹ پر بحفاظت اترنے میں کامیاب ہوگیا۔
جہاز کی باڈی پر خون پھیلا ہوا تھا اور پرندوں کی باقیات انجن کے اندر تک گھس چکی تھیں اور اسی بنیاد پر ایوی ایشن کی جانب سے جاری کردہ تصاویر میں دیکھا جا سکتا ہے کہ پرندوں کا غول ٹکرانے سے طیارے کے انجن کو شدید نقصان پہنچا۔
ماہرین کے مطابق معائنہ کیا گیا تو جہاز کے بائیں انجن کے اندر شدید رگڑیں نمایاں تھیں جبکہ انجن کی باڈی کئی فٹ تک اکھڑی ہوئی تھی۔
جہاز کی باڈی پر خون پھیلا ہوا تھا اور پرندوں کی باقیات انجن کے اندر تک گھس چکی تھیں اور اسی بنیاد پر ایوی ایشن کی جانب سے جاری کردہ تصاویر میں دیکھا جا سکتا ہے کہ پرندوں کا غول ٹکرانے سے طیارے کے انجن کو شدید نقصان پہنچا۔
ایوی ایشن ذرائع کے مطابق حادثے کے وقت طیارہ 7800 فٹ کی بلندی پر 230 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار پر تھا۔
ایوی ایشن رپورٹ کے مطابق حادثے کا شکار ہونے والا طیارہ بوئنگ 757-200 ہے جو پی ڈبلیو 2037 انجنوں کے ذریعہ چلتا ہے، ڈیلٹا ایئرلائن کے بیڑے سے منسلک چارٹر 757 میں سے یہ ایک جہاز ہے۔
حادثے کے بعد طیارے کو گراؤنڈ کر دیا گیا ہے جبکہ مسافروں کو 5 گھنٹے کی تاخیر سے دوسرے جہاز میں منزل کی طرف روانہ کیا گیا۔
یہ بھی پڑھیں