سری نگر- جموں قومی شاہراہ کئی گھنٹوں کے بعد ٹریفک کے لئے کھلی

0
83

سری نگر:  وادی کشمیر کو ملک کے دوسرے حصوں کے ساتھ جوڑنے والی 270 کلو میٹر طویل سری نگر- جموں قومی شاہراہ پر برف باری کے باوجود پیر کے روز ٹریفک کی نقل و حمل بحال کر دی گئی۔
قومی شاہراہ پر اتوار کے روز بارشوں کی وجہ سے چندر کوٹ کے مقام پر چٹانیں کھسک آنے کی وجہ سے ٹریفک بند کر دیا گیا تھا۔
وادی کشمیر کو لداخ یونین ٹریٹری کے ساتھ جوڑنے والی سری نگر – لیہہ شاہراہ پر یک طرفہ ٹریفک کی نقل و حمل جاری ہے تاہم جنوبی کشمیر کے ضلع شوپیاں کو صوبہ جموں کے ضلع پونچھ کے ساتھ جوڑنے والا تاریخی مغل روڈ گذشتہ زائد از دو ہفتوں سے مسلسل بند ہے۔
ٹریفک ذرائع نے یو این آئی کو بتایا کہ سری نگر – جموں قومی شاہراہ پر اتوار کی دوپہر کو چندر کوٹ کے مقام پر بارشوں کی وجہ سے چٹانیں کھسک آنے کی وجہ سے ٹریفک روک دیا گیا تھا جس کے باعث شاہراہ بند ہونے سے قریب ایک ہزار مسافر ومال بردار گاڑیاں درماندہ ہوگئیں۔
انہوں نے بتایا کہ نیشنل ہائی وے اتھارٹی آف انڈیا اور بارڈر روڈس آرگنائزیشن نے مشینری اور نفری کو کام پر لگا کر شاہراہ سے چٹانوں کے ملبے کو صاف کر دیا۔
مذکورہ ذرائع نے بتایا کہ شاہراہ پر گذشتہ شب دس بجے ہی ٹریفک بحال کیا گیا تھا اور درماندہ گاڑیوں کو چلنے کی اجازت دی گئی تھی لیکن جواہر ٹنل کے آر پار برف باری کی وجہ سے ٹریفک کو بنا بر احتیاط ایک بار پھر بند کیا گیا۔
انہوں نے بتایا کہ جواہر ٹنل کے نزدیک چار سے پانچ انچ تازہ برف جمع ہوئی ہے جس کو صاف کرنے کے لئے متعلقہ ایجنسیاں لگی ہوئی ہیں۔
ایک ٹریفک پولیس عہدیدار نے بتایا کہ شیڈول کے مطابق پیر کے روز چھوٹی گاڑیوں کو سری نگر سے جموں جانے کی اجازت ہے جبکہ بڑی گاڑیوں کو اودھم پور سے سری نگر روانہ ہونے کی اجازت ہے۔

Also read

LEAVE A REPLY

Please enter your comment!
Please enter your name here