Tuesday, April 16, 2024
spot_img
HomeMarqueeآسٹریلوی بلے باز اسمتھ کی یاسر شاہ کے خلاف نئی حکمت عملی...

آسٹریلوی بلے باز اسمتھ کی یاسر شاہ کے خلاف نئی حکمت عملی تیار

سابق آسٹریلین کپتان اور مایہ ناز بلے باز اسٹیون اسمتھ نے پاکستان کے خلاف پہلے ٹیسٹ میچ میں یاسر شاہ کی جانب سے آؤٹ کرنے کے بعد کیے گئے اشارے کو سنجیدگی سے لیتے ہوئے اگلے میچ میں زیادہ رنز کرنے کا عزم ظاہر کیا ہے۔

برسبین میں کھیلے گئے سیریز کے پہلے ٹیسٹ میچ میں پاکستان کو آسٹریلیا کے ہاتھوں یکطرفہ مقابلے کے بعد اننگز اور 5رنز سے شکست کا منہ دیکھنا پڑا تھا۔

میچ میں ڈیوڈ وارنر اور لبوشین کے ساتھ ساتھ جو برنز نے بھی پاکستانی باؤلرز کی درگت بناتے ہوئے اپنی ٹیم کو 580رنز کے مجموعے تک رسائی دلائی تھی لیکن ایشز سیریز میں رنز کے انبار لگانے والے اسمتھ ناکامی سے دوچار ہوئے تھے۔

اسٹیون اسمتھ میچ میں صرف 4رنز بنانے کے بعد یاسر شاہ کو وکٹ دے بیٹھے تھے اور یاسر نے انہیں آؤٹ کرنے کے بعد انگلیوں سے 7 اشارہ کیا تھا۔

یاسر کا یہ اشارہ کرنے کا مقصد یہ ظاہر کرنا تھا کہ وہ اب تک ٹیسٹ میچوں میں اسمتھ کو 7مرتبہ نشانہ بنا چکے ہیں۔

اسمتھ کو یاسر کا یہ انداز زیادہ پسند نہ آیا البتہ انہوں نے اس پر غصہ کرنے کے بجائے اسے چیلنج کے طور پر لیتے ہوئے اگلے میچ میں زیادہ سے زیادہ رنز کرنے کو ہدف بنا لیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ اب میں یاسر شاہ کے خلاف محتاط رہوں گا اور اب میری کوشش ہوگی کہ میں ان کے خلاف آؤٹ نہ ہوں جبکہ میں ان کے خلاف مزید ڈسپلن سے بیٹنگ کروں گا۔

سابق آسٹریلین کپتان کا کہنا تھا کہ برسبین میں یاسر نے بہت اچھی باؤلنگ کی، انہیں وکٹ سے ڈرفٹ اور اسپن مل رہا تھا لیکن اگلے میچ میں انہیں اچھے طریقے سے کھیلنے کی کوشش کریں گے۔

یاسر شاہ کی جانب سے کیے گئے اشارے پر اسمتھ نے کہا کہ یہ بہت دلچسپ ہے، وہ مجھے چند مرتبہ آؤٹ کرنے میں کامیاب رہے، میں ان 7 میں سے چند مربتہ جارحانہ انداز میں کھیلتے ہوئے آؤٹ ہوا، چند مواقع پر میں دوسری اننگز میں عجیب و غریب شاٹ کھیلتے ہوئے آؤٹ ہوا لہٰذا میں زیادہ پریشان نہیں ہوں۔

واضح رہے کہ اس سے قبل 2014 میں یاسر نے اسمتھ کو 4مرتبہ آؤٹ کیا تھا اور پھر 2017 کے دورہ آسٹریلیا میں تین مرتبہ آسٹریلین کپتان کو نشانہ بنایا تھا۔

RELATED ARTICLES

LEAVE A REPLY

Please enter your comment!
Please enter your name here

- Advertisment -spot_img
- Advertisment -spot_img
- Advertisment -spot_img
- Advertisment -spot_img

Most Popular