سینئر کانگریس لیڈر اور سابق رکن پارلیمان مدن لال شرما انتقال کر گئے

0
150

جموں  سینئر کانگریس لیڈر اور سابق رکن پارلیمان مدن لال شرما مختصر علالت کے بعد بدھ کی علی الصبح انتقال کر گئے۔ وہ 68 برس کے تھے۔
انہوں نے ضلع ریاسی کے کٹرہ قصبے کے ایک نجی ہسپتال میں زندگی کی آخری سانس لی۔
شرما کو کانگریس کی ٹکٹ پر پہلی بار چھمب اسمبلی انتخابی حلقے سے سال 1983 میں رکن اسمبلی منتخب کیا گیا تھا اور انہوں نے اسی حلقے سے سال 1987 میں بھی کامیابی حاصل کی تھی۔
سال 1988 میں وہ جموں و کشمیر میں نیشنل کانفرنس اور کانگریس کی مخلوط حکومت کے دوران وزیر بھی رہے۔
اسمبلی انتخابی حلقہ اکھنور سے سال 2002 میں کامیابی کا جھنڈا گاڑھ کر شرما کو پی ڈی پی اور کانگریس کی مخلوط حکومت کے دوران وزیر بنایا گیا۔
شرما نے جموں- پونچھ حلقے سے دو بار سال 2004 اور سال 2009 میں منعقد ہونے والے پارلیمانی انتخابات بحیثیت کانگریس امیدوار لڑے اور دونوں مرتبہ کامیابی سے ہمکنار ہوئے۔
تاہم سال 2014 کے پارلیمانی انتخابات میں انہیں بی جے پی کے امیدوار جگل کشور نے ہرایا۔
دریں اثنا شرما کے انتقال پر سیاسی حلقوں نے اظہار افسوس کرتے ہوئے انہیں ایک عوامی لیڈر قرار دیا ہے۔
جموں و کشمیر پردیش کانگریس کمیٹی کے ترجمان اعلیٰ رویندر شرما نے مدن لال شرما کے انتقال پر اظہار افسوس کرتے ہوئے کہا ہے کہ شرما کی موت پر پارٹی سوگوار ہے۔
سینئر کانگریس لیڈر سیف الدین سوز نے اپنے ایک بیان میں مذکورہ لیڈر کے انتقال پر اظہار رنج کرتے ہوئے کہا ہے کہ شرما نے جموں وکشمیر میں کانگریس پارٹی کے مفادات کی آبیاری کرنے میں کوئی کسر باقی نہیں چھوڑی۔
انہوں نے کہا کہ پارٹی اور عوام کے تئیں ان کی خدمات کو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔
یو این آئی -ایم افضل

Also read

LEAVE A REPLY

Please enter your comment!
Please enter your name here