پاکستان کی نامور اداکار صبا قمر کی فلم ‘کملی’ کا مداحوں کو بےصبری سے انتظار ہے اور اس فلم کی ریلیز سے قبل ہی اداکارہ نے ایک اور فلم بھی سائن کرلی۔
جے بی اینڈ ماسٹرمائنڈ فلم کمپنی نے حال ہی میں اعلان کیا ہے کہ وہ اپنی پہلی فیچر فلم بنانے جارہے ہیں جس کا ٹائٹل اب تک سامنے نہیں آیا۔
فلم کے پروڈیوسر حسن ضیا نے ڈان امیجز سے بات کرتے ہوئے تصدیق کی ہے کہ صبا قمر ان کی فیچر فلم میں مرکزی کردار نبھاتی نظر آئیں گی۔
حسن ضیا کا مزید کہنا تھا کہ ‘میں کچھ ہفتوں کے لیے اپنے ہدایت کار کے ہمراہ لاہوں میں تھا جب انہوں نے صبا قمر کو فلم کا اسکرین پلے دیا، پہلا مرحلہ تھا کہ وہ فلم میں کام کرنے کی حامی دیں اور دوسرا مرحلہ یہ تھا کہ فلم بنانے کے لیے فنڈنگ کی جائے، دونوں ہی کام ہوگئے اب بس تاریخوں پر بات جاری ہے’۔
انہوں نے مزید کہا کہ ‘جمیل بیگ اور میں مل کر اس فلم کو پروڈیوس کررہے ہیں، مجھے بےحد خوشی ہورہی ہے کہ میں ان کے ساتھ فلم کی پروڈکشن کررہا ہوں’۔
حسن ضیا کے مطابق ‘اب تک فلم کی ریلیز کی تاریخ کا فیصلہ نہیں ہوا اور نہ ہی فلم کا نام رکھا ہے، ہم نے فیصلہ کیا ہے کہ پہلے میوزک کمپوز کرلیا جائے، فلم کے دائیلاگز اور اسکرین پلے محسن علی اور ثاقب خان نے تحریر کیے، ثاقب خان ہی اس فلم کی ہدایات بھی دیں گے’۔
Also read