سپر اوور کی آخری دو گیندوں پر چھکا لگا کر جیت دلانے والے روہت شرما نے نہیں لیا کریڈٹ ، کہا : سمیع کی وجہ سے جیتا ہندوستان

0
137

نیوزی لینڈ کے خلاف تیسرے ٹی 20 میچ میں ہندوستانی ٹیم نے ہاری ہوئی بازی جیت لی ۔ فاتح ٹیم کا فیصلہ سپر اوور میں ہوا ، جس میں ٹیم انڈیا کو 18 رن بنانے تھے ۔ ٹیم انڈیا کے سلامی بلے بازی روہت شرما نے میچ کی آخری دو گیندوں پر چھکے لگا کر ٹیم کو جیت دلائی ۔

روہت شرما نے میچ میں 40 گیندوں میں 65 رنوں کی اننگز بھی کھیلی ، جس کے لئے انہیں مین آف دی میچ قرار دیا گیا ۔ حالانکہ روہت شرما کا ماننا ہے کہ ہندوستانی ٹیم کی جیت کے اصل ہیرو وہ نہیں بلکہ تیز گیند باز محمد سمیع ہیں ۔

روہت شرما کے مطابق محمد سمیع نے جس طرح سے آخری اوور میں بازی پلٹ دی ، اسی وجہ سے میچ سپر اوور تک گیا اور آخر میں ہندوستان کو جیت ملی ۔

ٹیم انڈیا کے نائب کپتان روہت شرما نے میچ کے بعد کہا کہ ٹیم کی جیت محمد سمیع نے طے کی ۔ انہوں نے پریس کانفرنس میں کہا کہ مجھے لگتا ہے کہ محمد سمیع کا آخری اوور کافی اہم تھا ، اسی کی وجہ سے ہم میچ جیتے ، نہ کے میرے دو چھکوں کی وجہ سے ۔ وہ سمیع کا اوور تھا جب ہم نے 9 رن بچائے ۔

روہت شرما نے مزید کہا کہ وہ اتنا آسان نہیں تھا ۔ وکٹ اچھی تھی ، دو تجربہ کار بلے باز کریز پر موجود تھے ۔ ایک بلے باز 95 رن بناکر کھیل رہا تھا اور دوسرا بلے باز ان کا سب سے تجربہ کار کھلاڑی تھا ، اس لئے میں محمد سمیع کو سلام کرتا ہوں کہ انہوں نے ٹیم کی واپسی کرائی اور میچ کو سپر اوور تک لے گئے ۔

خیال رہے کہ محمد سمیع کو کپتان وراٹ کوہلی نے میچ کا آخری اوور پھینکنے کیلئے دیا ۔ اس اوور میں نیوزی لینڈ کو صرف 9 رنوں کی ضرورت تھی ۔ دلچسپ بات یہ بھی ہے کہ سمیع کی پہلی ہی گیند پر راس ٹیلر نے چھکا بھی لگادیا تھا ، جس کے بعد نیوزی لینڈ کی جیت یقینی نظر آرہی تھی ۔ نیوزی لینڈ کو اگلی پانچ گیندوں میں صرف تین رن بنانے تھے ۔

تاہم سمیع نے اس کے بعد زبردست واپسی کی ۔ سمیع نے دوسری گیند پر ایک رن دیا ۔ تیسری گیند پر کین ولیمسن کو آوٹ کیا ۔ اس کے بعد ٹم سیفرٹ کریز پر آئے اور سمیع نے انہیں یارکر نہ پھینک کر شارٹ گیند پھینکی ، جس پر وہ چوک گئے ۔

پانچویں گیند پر بھی سیفرٹ چوک گئے ، لیکن وہ بائی کا رن لینے میں کامیاب رہے ۔ دونوں ٹیموں کا اسکور برابر ہوگیا ، لیکن آخری گیند پر محمد سمیع نے راس ٹیلر کو بولڈ کرکے میچ کو سپر اوور تک پہنچادیا ۔

Also read

LEAVE A REPLY

Please enter your comment!
Please enter your name here