نئی دہلی، 22فروری (یو این آئی) وزیر دفاع راج ناتھ سنگھ نے عقیدت کا اظہار کرتے ہوئے اجمیر شریف میں واقع حضرت خواجہ معین الدین چشتی کی درگاہ پر خیرسگالی کے طور پر چادر چڑھانے کے لئے حضرت نظام الدین اولیاء کے سجادہ نشیں مسٹر حماد نظامی کے سپرد کیا ہے۔ یہ بات آج یہاں جاری ایک ریلیز میں دی گئی ہے۔
ریلیز کے مطابق مسٹر نظامی اجمیر جاکر خواجہ معین الدین چشتی کی درگاہ پر وزیر دفاع راج ناتھ کی طرف سے چادر چڑھائیں گے اور ملک کی ترقی اور امن و امان کے لئے دعا کریں گے۔
مسٹر راج ناتھ سنگھ نے خواجہ اجمیری کی درگاہ کے لئے چادر سپرد کرتے ہوئے کہاکہ وہ پوری دنیا میں امن و خیرسگالی کی علامت ہیں اور ہندوستان کا ہر طبقہ ان سے عقیدت رکھتا ہے۔ ہمارے صوفیائے کرام نے ملک میں امن و پیار اور اخوت کو فروغ دینے میں نمایاں کردار ادا کیا ہے۔
واضح رہے کہ حضرت خواجہ اجمیری کا عرس شروع ہوچکا ہے جس میں لاکھوں لوگ شریک ہوتے ہیں اور ملک و بیرون ملک سے اہم لوگ گلہائے عقیدت پیش کرتے ہیں اور چادر چڑھاتے ہیں۔
Also read